اجے ماکن مستعفی، شیلا دیکشت کو مل سکتی ہے نئی ذمہ داری

کانگریس صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات سے چند ماہ قبل اجے ماکن کا استعفی قبول کر لیا ہے اور اب دہلی میں کانگریس کے نئے صدر کی تلاش پر چرچا شروع ہو گئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کافی کشمکش کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے بالآخر دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے ۔ استعفیٰ کے بعد اجے ماکن نے پارٹی صدر راہل گاندھی اور کانگریس کارکنان کا ان کی محبتوں اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس سلسلے میں 4 جنوری کی صبح ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ’’2015 میں اسمبلی انتخابات کے بعد بطور دہلی کانگریس صدر گزشتہ چار سالوں سے کانگریس کارکنان، کانگریس کور کرنے والے صحافیوں اور ہمارے لیڈر راہل جی کے ذریعہ مجھے بے پناہ پیار اور تعاون ملا ہے۔ ان مشکل حالات میں یہ آسان نہیں تھا۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔‘‘

اجے ماکن نے اپنے استعفیٰ سے متعلق 3 جنوری کو کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران ماکن نے راہل گاندھی کو اپنی ناساز طبیعت کے بارے میں خبر دی اور ان سے گزارش کی کہ وہ استعفیٰ نامہ قبول کر لیں۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے ان کی گزارش مانتے ہوئے استعفیٰ نامہ قبول کر لیا۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ ماکن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور اسی لیے انھوں نے دہلی کانگریس صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ ساتھ ہی یہ خبریں بھی میڈیا میں چل رہی ہیں کہ جب تک پارٹی کا نیا صدر منتخب نہیں کر لیا جاتا، اس وقت تک ماکن کو یہ ذمہ داری سنبھالنے کی صلاح دی گئی ہے۔ چونکہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کم ہی وقت رہ گئے ہیں، اس لیے ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں کہ انھیں کوئی بڑی ذمہ داری بھی دی جا سکتی ہے۔

اجے ماکن کے استعفیٰ کے تعلق سے دہلی کانگریس کے انچارج پی سی چاکو نے ایک انگریزی روزنامہ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ماکن نے استعفیٰ گزشتہ سال ستمبر میں ہی دے دیا تھا لیکن پارٹی نے ان سے عہدہ پر بنے رہنے کی صلاح دی تھی۔ اب جب کہ پارٹی نے ان سے ان کی خواہش پوچھی تو ماکن نے استعفیٰ دینا بہتر سمجھا۔ لہٰذا کانگریس صدر نے ان کا استعفیٰ نامہ قبول کر لیا۔ نئے دہلی کانگریس صدر کے بارے میں سوال کیے جانے پر چاکو نے کہا کہ ’’ہم نئے شخص کی تلاش میں ہیں۔‘‘

واضح رہے اب اس کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں کہ دہلی میں لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس اور عام آدمی پارٹی میں اتحاد ہو جائے۔ دہلی کانگریس کے نئے صدر کے لئے سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کا نام چل رہا ہے اور ان کے ساتھ تین یا چار ورکنگ صدر بناے جانے کی بھی چرچا ہے۔ ورکنگ صدر کے طور پر ہارون یوسف، اروندر سنگھ لولی ، مہابل مشرا اور راج کمار چوہان کے ناموں کی بھی چرچا ہے ۔ اگر شیلا دکشت کو یہ ذمہ داری دی جاتی ہے تو یہ مدھیہ پردیش اور راجستھان کی طرح ہو گا جہاں سینئر کانگریس رہنماؤں کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ اجے ماکن دو بار رکن پارلیمنٹ اور وزیر رہ چکے ہیں۔ وہ اروندر سنگھ لولی کی جگہ دہلی کانگریس صدر بنے تھے۔ سال 2004 میں دہلی اسمبلی کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ سال 2011 میں انھوں نے ایم ایس گل کی جگہ لیتے ہوئے کھیل اور نوجوان امور کے وزیر بنے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔