کیا منوہر پاریکر کے پاس رافیل سودے کے راز ہیں؟

امت شاہ کے اس اعلان کے بعد کہ پاریکر ہی گوا کے وزیر اعلی رہیں گے گوا کانگریس نے کہا ہے کہ کیونکہ پاریکر کے پاس رافیل سودے کے راز ہیں اس لئے بی جے پی کی اعلی قیادت ان کو ہٹانے کی ہمت نہیں کر سکتی۔

فرانس کے سابق وزیر دفاع کے ساتھ منوہر پاریکر کی رافیل سودے پر دستخط کئے جانے کے بعد کی ایک فائل تصویر
فرانس کے سابق وزیر دفاع کے ساتھ منوہر پاریکر کی رافیل سودے پر دستخط کئے جانے کے بعد کی ایک فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ گوا کے بیمار وزیر اعلی منوہر پاریکر کو ان کے عہدے سے ہٹا سکیں، کیونکہ رافیل سودے کے بارے میں ان کے پاس بےشمار راز ہیں جن سے بڑے معاملوں کا پردہ فاش ہو سکتا ہے۔ یہ الزام کانگریس کے گوا یونٹ نے لگایا ہے۔

گوا کانگریس کے صدر گریش چوڈانکر نے اتوار کو کہا کہ ’’بی جے پی کی اعلیٰ قیادت میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ بیماری کے چلتے کام کرنے سے مجبور وزیر اعلی منوہر پایکر سے استعفی مانگ سکیں کیونکہ پاریکر سابق وزیر دفاع رہ چکے ہیں اور ان کے پاس رافیل سودے سے جڑے بہت سارے راز ہیں۔ اگر استعفی مانگنے سے ناراض پاریکر نے منہ کھول دیا تو غضب ہو جائے گا‘‘۔

چوڈانکر نے یہ الزام بی جے پی صدر امت شاہ کے اس اعلان کے بعد لگایا جس میں شاہ نے کہا کہ منوہر پایکر گوا کے وزیر اعلی بنے رہیں گے۔

امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ ’’گوا بی جے پی کی کور ٹیم کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوا ہے کہ منوہر پاریکر وزیر اعلی بنے رہیں گے اور گوا کی کابینہ اور وزیروں کے قلم دانوں میں تبدیلی کی جائے گی‘‘۔

غور طلب ہے کہ منوہر پاریکر کو پینکریاٹک کینسر ہے۔ گوا، نیو یارک اور ممبئی میں علاج کرانے کے بعد وہ گزشتہ ایک ہفتے سے دہلی کے ایمس میں زیر علاج ہیں۔ امت شاہ کے اعلان کے بعد گوا کانگریس کے صدر نے دعوی کیا ہے کہ ’’پاریکر کے پاس رافیل سے جڑی تما م معلومات ہیں کیونکہ سودے کے وقت وہ ہی وزیر دفاع تھے۔ پاریکر استعفی دینے سے انکار کر چکے ہیں اور ان سے استعفے کے لئے کہنے کی کسی کی ہمت نہیں ہے اور وجہ ہے رافیل ڈیل، وجہ ہے ایک بڑا گھوٹالہ جس میں سیدھے وزیر اعظم شامل ہیں‘‘۔

گوا کانگریس کے صدر نے پارٹی دفتر میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’مجھے لگتا ہے پاریکر اب ان کا استعمال کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ استعفے کے لئے کہیں گے تو میں آ پ کو رافیل ڈیل میں بےنقاب کر دونگا۔ وہ (شاہ اور مودی) بلیک میل کئے جا رہے ہیں‘‘۔ چوڈانکر نے کہا کہ بیمار شخص کو وزیر اعلی بنائے رکھنا واضح طور پر غلط ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Sep 2018, 7:22 AM