سخت ٹیرف کے بعد امریکہ نے ہندوستان کو دی مزید ایک بری خبر، ویزا معاملے پر بڑھا دی ٹینشن

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر کہا کہ ’’فوری اثر سے محکمہ خارجہ نے سبھی نان امگرینٹ درخواست کنندگان کے لیے ویزا انٹرویو اپوائنٹمنٹ شیڈیول کر کے اپنی ہدایات کو اپڈیٹ کر دیا ہے۔‘‘

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

امریکہ نے جب سے ہندوستان پر سخت ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان کیا، تبھی سے ہی دونوں ممالک کے درمیان رشتوں میں پہلے والی شیرینی ختم ہو گئی ہے۔ اس درمیان امریکہ نے ہندوستان کو مزید ایک بری خبر سنا دی ہے۔ یہ خبر ویزا اصولوں سے متعلق ہے، جس کو امریکہ نے سخت کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ ’نان امگرینٹ ویزا‘ (این آئی وی) کے لیے درخواست کرنے والوں کو اب اپنے ملک یا قانونی رہائش والی جگہ پر ہی انٹرویو کے لیے اپوائنٹمنٹ لینا ہوگا۔ امریکہ کے اس حکم کے بعد ہندوستانی باشندے کسی اور ملک کی مدد لے کر جلدی میں اپوائنٹمنٹ نہیں لے پائیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے 6 ستمبر کو اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر کہا کہ ’’فوری اثر سے محکمہ خارجہ نے سبھی نان امگرینٹ درخواست کنندگان کے لیے ویزا انٹرویو اپوائنٹمنٹ شیڈیول کر کے اپنی ہدایات کو اپڈیٹ کر دیا ہے۔ نان امگرینٹ (غیر مہاجر) ویزا ایک طرح کا ایسا ویزا ہے جو بیرون ملکیوں کو عارضی مقاصد کے لیے امریکہ میں داخلے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ سیاحت، تجارت، علاج و معالضہ، عارضی کام یا اسٹڈی کے لیے دیا جاتا ہے۔ یہ ویزا امریکہ میں مستقل طور پر رہنے کے ارادہ سے نہیں دیا جاتا، اور اس کی ایک مقرر مدت کار ہوتی ہے۔


بہرحال، امریکہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ’’امریکن نان امگرینٹ ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کو اپنے ویزا انٹرویو کے لیے اپنی قومیت یا رہائش کے ملک میں واقع امریکی سفارتخانہ یا قونصلیٹ میں اپوائنٹمنٹ لینا ہوگا۔ جن ممالک میں امریکی حکومت مستقل غیر مہاجر ویزا آپریشن نہیں کر رہی ہے، وہاں کے شہریوں کو دی گئی ہدایت کے مطابق سفارتخانہ میں درخواست دینی ہوگی۔‘‘ امریکہ کے اس نئے اصول کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستانی شہری اب دیگر ممالک میں تیزی سے بی-1 (کمرشیل) یا بی-2 (سیاحتی) ویزا کے لیے پوائنٹمنٹ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ دراصل کووڈ-19 وبا کے دوران ہندوستان میں پوائنٹمنٹ کے لیے 3 سال تک کی ویٹنگ ہو گئی تھی، جس کے بعد وہ پڑوسی ممالک میں جا کر انٹرویو کا اپوائنٹمنٹ لے لیتے تھے۔ امریکی شہریت و امیگریشن سروس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے غیر مہاجر ویزا انٹرویو چھوٹ پروگرام میں سیکورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے تبدیلی کی ہے، جو 2 ستمبر سے اثرانداز ہو گئی ہے۔ نئی گائیڈلائن میں کہا گیا ہے کہ بیشتر غیر مہاجر ویزا درخواست دہندگان کو لازمی طور سے قونصلر انٹرویو سے گزرنا ہوگا، جس میں 14 سال سے کم عمر اور 79 سال سے زیادہ عمر کے لوگ شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔