شہزادی خان کے بعد مزید 2 ہندوستانیوں کو یو اے ای میں دی گئی پھانسی، وزارت خارجہ نے کی تصدیق

یو اے ای میں جن 2 ہندوستانیوں کو گزشتہ دنوں پھانسی کی سزا دی گئی، ان کا تعلق کیرالہ سے تھا۔ دونوں قتل کے معاملے میں جیل میں بند تھے اور انھیں ہندوستان کی طرف سے قانونی مدد دی گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>پھانسی، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پھانسی، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب یو اے ای میں شہزادی خان کو پھانسی پر چڑھائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ شہزادی خان کے والد نے الزام عائد کیا تھا کہ انھیں دفاع کا ٹھیک طرح سے موقع بھی نہیں ملا اور ان کے علم میں لائے بغیر بیٹی کو پھانسی دے دی گئی۔ اب تازہ ترین خبروں کے مطابق مزید 2 ہندوستانیوں کو یو اے ای میں تختۂ دار پر چڑھا دیا گیا ہے۔ ان دونوں کا تعلق کیرالہ سے بتایا جا رہا ہے اور دونوں ہی قتل کے معاملوں میں کافی دنوں سے جیل میں بند تھے۔

ہندوستانی وزارت خارجہ نے 6 مارچ کو اس بات کی تصدیق کی کہ کیرالہ کے 2 باشندوں کو یو اے ای میں پھانسی کی سزا دی گئی ہے۔ وزارت خارجہ نے دونوں کی شناخت محمد ریناش اور مرلی دھرن ولپّیل کی شکل میں کی ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عدالت عظمیٰ نے دونوں کے لیے پھانسی کی سزا پر مہر لگائی تھی۔ اس کے بعد دونوں کو پھانسی دینے کا عمل انجام دیا گیا۔


بتایا جاتا ہے کہ محمد ریناش کو یو اے ای کے ایک شخص کے قتل کا قصوروار پایا گیا تھا، جبکہ مرلی دھرن کو ایک ہندوستانی شخص کے قتل کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ یو اے ای کی حکومت نے گزشتہ 28 فروری کو دونوں کے بارے میں ہندوستانی سفارتخانہ کو جانکاری دے دی تھی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت خانہ کی طرف سے دونوں کو سبھی ضروری امداد دی گئی تھی۔ ان دونوں کے لیے رحم کی عرضی بھی داخل کی گئی تھی، لیکن پھانسی کی سزا سے نہیں بچایا جا سکا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہی 33 سالہ ہندوستانی خاتون شہزادی خان کو بھی یو اے ای میں موت کی سزا دی گئی تھی۔ اتر پردیش کی باشندہ شہزادی خان پر 4 ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر مارنے کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ شہزادی بچے کی دیکھ بھال کا کام کرتی تھی، لیکن روٹین ٹیکہ کاری کے بعد بچے کی موت ہو گئی تھی۔ اس کا الزام شہزادی خان پر عائد کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شہزادی خان نے ایک ویڈیو میں خود اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اس بچے کی موت کی ذمہ دار ہے۔ حالانکہ شہزادی خان کے والد کا کہنا ہے کہ اس پر دباؤ بنا کر یہ بیان دلایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔