اُدھو-شاہ ملاقات کے 24 گھنٹے بعد ہی شیوسینا کا تنہا الیکشن لڑنے کا اعلان
شیو سینا ممبر پارلیمنٹ سنجے راؤت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم جانتے ہیں امت شاہ کا ایجنڈا کیا ہے، لیکن شیو سینا آئندہ انتخابات تنہا لڑنے کا فیصلہ پہلے ہی کر چکی ہے۔‘‘

ممبئی میں شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے اور بی جے پی صدر امت شاہ کی ملاقات کو ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے ہیں کہ شیو سینا کی طرف سے بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ شیو سینا نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے پرانے لیے ہوئے فیصلوں کے ساتھ ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
شیو سینا ممبر پارلیمنٹ سنجے راؤت نے اُدھو ٹھاکرے اور امت شاہ کی ملاقات پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم جانتے ہیں کہ امت شاہ کا ایجنڈا کیا ہے، لیکن شیو سینا آئندہ انتخابات تنہا لڑنے کی تجویز پہلے ہی منظور کر چکی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔‘‘
اس سے قبل روٹھی شیو سینا کو منانے کے لیے بی جے پی صدر امت شاہ نے بدھ یعنی 6 مئی کی شام کو شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے سے ان کے گھر پر ملاقات کی تھی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ’یوا سینا‘ کے سربراہ اور اُدھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے۔
2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں زمین کھسکتی ہوئی دیکھ کر بی جے پی صدر امت شاہ این ڈی اے میں شامل ناراض پارٹیوں کے سربراہوں سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان کی ناراضگی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی کے تحت آج چنڈی گڑھ میں شرومنی اکالی دل کے صدر پرکاش سنگھ بادل سے امت شاہ ملاقات کرنے والے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2018, 3:12 PM