دہلی میں غلط رَنوے پر اترا افغانستان کا طیارہ، بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا!

ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے پورے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ایوی ایشن افسران کو اس سنگین غلطی کے متعلق رپورٹ بھیجی جائے گی۔

طیارہ، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ہے۔ یہاں پر افغانستان کا ایک طیارہ غلطی سے پرواز بھرنے والے رنوے پر اتر گیا۔ حالانکہ غنیمت یہ رہی کہ اس رنوے پر کوئی دوسرا طیارہ موجود نہیں تھا۔ اس واقعہ کے بعد تفصیلاتی تحقیقات شروع ہو گئی ہیں۔ ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایریانا افغان ایئرلائنس کا طیارہ ایف جی 311 کے طور پر چل رہی ایئربس اے310 کو رنوے 29ایل پر لینڈ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ حالانکہ یہ 23 نومبر کو دوپہر تقریباً 12:06 بجے رنوے 29آر پر لینڈ کر گئی۔ اس وقت رنوے 29آر پر کوئی طیارہ ٹیک آف کے لیے موجود نہیں تھا، ورنہ سنگین حادثہ ہو سکتا تھا۔

ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے پورے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ایوی ایشن افسران کو اس سنگین غلطی کے متعلق رپورٹ بھیجی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایئرپورٹ اتھارٹی اب یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ یہ رنوے مکس-اپ اے ٹی سی کی ہدایات کی وجہ سے ہوئی تھی یا پھر اس پورے واقعہ میں پائلٹ کی بھی غلطی تھی۔


واضح رہے کہ رواں ماہ کی شروعات سے ہی دہلی ایئرپورٹ خبروں میں ہے۔ اس کی اصل وجہ ہے اے ٹی سی میں خرابی، جس کی وجہ سے طیاروں کی پرواز پر کافی اثر پڑا تھا۔ سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔ تقریباً دو سے تین دنوں تک مسافر پریشان رہے۔ مسافروں کو گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ تقریباً 800 سے زائد گھریلو اور بین الاقوامی طیارے تاخیر سے پرواز بھری تھیں، جبکہ 20 کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب اتوار کو ہی ممبئی سے دہرادون آ رہی انڈیگو فلائٹ آسمان میں پرندے سے ٹکرا گئی تھی۔ حالانکہ فلائٹ کی بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی، اس میں 186 مسافر سوار تھے۔