کشمیر: شوپیاں کی ادیبہ ٹاک کا قابل تحسین کارنامہ

انجینئر کی تعلیم حاصل کرنے کے لئےجب کوئی لڑکی بات کرتی ہے تو اس کو سوالیہ نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جنوبی کشمیر کے شوپیاں کی رہنے والی نوجوان طالبہ ادیبہ ٹاک نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس پر نہ صرف اس کے والدین بلکہ پوری قوم کا سرفخر سے اونچا ہو گیا ہے۔ ادیبہ ٹاک جن کا خواب ایرونوٹیکل انجینئر بننے کا تھا اور انہوں نے اپنے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اتنی محنت کی کہ اب اس کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ان کے والدین کو کوئی فکر کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔

ادیبہ ٹاک کو آگے کی تعلیم حاصل کر نے کے لئے امریکہ کی یونیورسٹی آف پینسلوانیا سے سو فیصد اسکالرشپ حاصل ہو گئی ہے یعنی اب ان کے والدین کو ادیبہ کی تعلیم پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ شوپیاں وہ علاقہ ہے جو آئے دن تشدد، گولہ باری اور دہشت گردی کے لئے خبروں میں رہتا ہے۔ ایسے ماحول میں ادیبہ ٹاک نے اپنی تعلیم حاصل کی اور سال 2016میں ٹیلنٹ سرچ کے ایک امتحان میں ٹاپ کیا اور اس کے بعد سے لگاتار محنت کر کے آگے کا امتحان پاس کیا،جس کے نتیجے میں ان کو یہ اسکالر شپ ملی۔ خود ادیبہ کا ماننا ہے کہ’’ انجینئر کی تعلیم حاصل کرنے کے لئےجب کوئی لڑکی بات کرتی ہے تو اس کو سوالیہ نظروں سے دیکھا جاتا ہے ، لیکن میں نے ان نظروں کی فکر نہیں کی اور انجینئر بننے کا جو میرا خواب تھا اس کے لئے محنت کی اور آج مجھے کامیابی ملی‘‘۔ ادیبہ کے والدین بیٹی کی کامیابی پر بہت خوش ہیں اور ان کو اس بات پربھی فخر ہے کہ انہوں نے کبھی بیٹی کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے نہیں روکا۔

ادیبہ نے جو کارنامہ انجام دیا ہے اس سے ان کا مستقبل تو تابناک ہوگا ہی ، ساتھ میں کئی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ادیبہ وادی کی پہلی طالبہ ہے جس نے یہ اسکالر شپ حاصل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔