یو پی: 23 کروڑ کا بجلی کا بل دیکھ کر عبدالباسط کے اڑ گئے ہوش!

جب عبدالباسط کو پتہ چلا کہ ایک سال کا بجلی کا بل 23 کروڑ سے زائد کا ہے، تو اس کی طبیعت خراب ہو گئی۔ اس کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی نے لاپروائی کی ہے اس لیے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اترپردیش کے قنوج میں محکمہ بجلی کا حیران کرنے والا عمل سامنے آیا ہے۔ اس نے عبدالباسط نامی ایک بجلی صارف کو ایک سال کا بل 23 کروڑ کا بھیجا ہے جسے دیکھ کر وہ حواس باختہ ہے اور اسے سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ آخر اتنا بل کیونکر آیا۔ دراصل عبدالباسط کو محکمہ بجلی نے ایک سال تک بجلی بل نہیں بھیجا جس سے وہ پریشان ہوا اور دوڑ بھاگ کر بجلی بل نکلوایا۔ لیکن جب اس کے ہاتھ میں ایک سال کا بجلی کا بل آیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ بل 23 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کا ہے۔

ایک نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق قنوج کے عبدالباسط کے گھر میں بجلی کا کل 178 یونٹ خرچ تھا۔ لیکن ایک سال کا جب باسط کا بل آیا تو اس میں بقایہ رقم لکھا تھا 236771524 روپے اپنے اس بل کو دیکھ کر عبدالباسط کا ہاتھ پیر پھولنا لازمی تھا۔ اب وہ اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ادھر اُدھر کی دوڑ لگا رہا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں عبدالباسط نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے پوری ریاست کا بل اسے تھما دیا گیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ "اگر میں اپنی پوری زندگی کی کمائی بھی دے دوں تو اتنا بل ادا نہیں کر سکوں گا۔"

اس معاملے میں محکمہ بجلی سے منسلک ایک ایگزیکٹیو انجینئر کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی جانچ کی جائے گی اور پتہ کیا جائے گا کہ آخر یہ غلطی کیسے ہوئی، اس کے بعد ہی عبدالباسط سے پیسے لیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ "ریڈنگ میں کچھ غلطیوں کے سبب ایسے بل جنریٹ ہو رہے ہیں۔ اس کو بدل کر دوبارہ میٹر کی ریڈنگ لی جائے گی۔ اگر بل ٹھیک نکلتا ہے تبھی صارف سے پیسے لیے جائیں گے۔"

بہر حال، بل ملنے کے بعد سے عبدالباسط کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی نے لاپروائی کا مظاہرہ کیا ہے اس لیے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔