یوگی راج میں گاندھی جی بھی ہوئے بھگوا، لوگ حیران

اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کو بھگوا رنگ میں رنگنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ مورتی گزشتہ 20 سال سے سفید رنگ کی تھی لیکن اچانک راتوں رات اسے بھگوا رنگ دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کے راج میں روڈ ویز بسوں، بیت الخلاء، تھانہ، ٹول پلازہ اور حج ہاؤس سمیت کئی عمارتوں کو بھگوا رنگ میں رنگنے کے بعد مجسموں کو بھی بھگوا کیا جا رہا ہے۔ شاہجہاں پور میں اب مہاتما گاندھی کے مجسمے کو ہی بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔

معاملہ تھانہ بنڈا کے ڈھاکہ گھنشیام پور گاؤں کا ہے جہاں گرام سبھا کی زمین پر 20 سال پہلے مہاتما گاندھی کا مجسمہ قائم کیا گیا تھا۔ 20 سال کے بعد اچانک ہی اس گاؤں میں راتوں رات گاندھی جی کے مجسمے کو بھگوا رنگ میں رنگ کر انھیں ’بھگوا دھاری‘ بنا دیا گیا۔ حالانکہ مجسمے کے نیچے سفید رنگ کی پٹی پر لال رنگ سے ’راشٹر پِتا‘ لکھا ہوا ہے۔ اس واقعہ سے علاقے کے لوگ نہ صرف حیران ہیں بلکہ ان کے اندر غصہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔

یہ معاملہ سامنے آتے ہی ضلع انتظامیہ سرگرم ہو گئی ہے۔ اے ڈی ایم سرویش کمار نے معاملے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قصوروار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بدایوں ضلع کے کنور گاؤں کے دُگریّا واقع گاؤں میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے پر بھی بھگوا رنگ چڑھ گیا تھا۔ بعد میں معاملے کو طول پکڑتا دیکھ اسے واپس نیلے رنگ میں رنگ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔