سری لنکائی بحریہ کی فائرنگ سے 5 ہندوستانی ماہی گیر زخمی، ہندوستان نے کہا ’کسی بھی حالت میں طاقت کا استعمال ناقابل قبول‘

ماہی گیروں کی کشتی پر 13 افراد سوار تھے جس میں سے 2 شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں ان کا جافنا ٹیچنگ اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس کے علاوہ 3 ماہی گیروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

ماہی گیر، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

منگل (28 جنوری) کو دیلفٹ جزیرے کے قریب سری لنکائی بحریہ کی فائرنگ میں 5 ہندوستانی ماہی گیر زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت کافی نازک ہے۔ سری لنکائی بحریہ کی جانب سے کیے گئے اس حملے کی ہندوستان نے شدید مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی وزارت خارجہ نے جزیرے کے قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کیا ہے اور ان کے سینئر سفارت کار کے سامنے اس حملے کے حوالے سے سخت اعتراض کیا ہے۔ سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے کہا ہے کہ کسی بھی حالت میں طاقت کا استعمال قابل قبول نہیں ہے۔ علاوہ ازیں کولمبو میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے بھی سری لنکا کی وزارت خارجہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

وزارت خارجہ نے ماہی گیروں پر ہوئے حملے کے تعلق سے کہا کہ ’’منگل کی صبح ڈیلفٹ جزیرے کے نزدیک 13 ہندوستانی ماہی گیروں کو پکڑنے کے دوران سری لنکائی بحریہ کی جانب سے فائرنگ کی اطلاع ملی ہے۔ ماہی گیروں کی کشتی پر 13 افراد سوار تھے جس میں سے 2 شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں ان کا جافنا ٹیچنگ اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس کے علاوہ 3 دیگر ماہی گیروں کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں ان کا بھی علاج کیا جا رہا ہے۔‘‘ واضح ہو کہ ہندوستانی قونصلیٹ کے افسران نے جافنا کے اسپتال میں زیر علاج ماہی گیروں سے ملاقات کی اور ان کے احوال جاننے کی کوشش کی۔


وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہندوستانی حکومت نے ہمیشہ ماہی گیروں سے متعلق معاملوں کو انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جس میں روزی روٹی سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ کسی بھی حالت میں طاقت کا استعمال قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں دونوں حکومتوں کے درمیان موجودہ مفاہمت پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔