ممبئی ونڈے: محمد خلیل کی بہترین گیند بازی نے ہندوستان کو دلائی 224 رن کی فتح

ہندوستان-ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا چوتھا یک روزہ میچ کھیلا جا رہا ہے اور دونوں ہی ٹیمیں اس میچ میں فتح حاصل کر برتری بنانے کی کوشش میں ہیں۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Oct 2018, 8:44 PM
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 153 پر آل آؤٹ، ہندوستان 224 رن سے فتحیاب

محمد خلیل کی 5 اوور میں 13 رن اور 3 وکٹ کی شاندار گیند بازی اور پھر کلدیپ یادو کے 8.2 اوور میں 42 رن پر 3 وکٹ نے ہندوستان کو انتہائی آسان جیت دلا دی۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 378 رن کا پیچھا کرتے ہوئے 36.2 اوور میں 153 رن پر پویلین لوٹ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے اچھی بلے بازی کی اور وہ 70 گیند میں 54 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے گیندبازی کی شروعات ہی بہترین انداز میں کی تھی جس کے بعد محمد خلیل نے ویسٹ انڈیز کی کمر توڑ دی۔ بمراہ نے 8 اوور میں 25 رن دیے لیکن انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہو سکا۔ بھونیشور کمار نے 5 اوور میں 30 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ ایک وکٹ رویندر جڈیجہ کو ملا جنھوں نے 10 اوور میں 39 رن دیے۔ دو وکٹ رن آؤٹ ہوئے۔

224 رن سے ملی اس فتح کے بعد ہندوستان سیریز میں 1-2 سے آگے ہو گیا ہے۔ اس ونڈے سیریز کا آخری میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ کو جیت کر ہندوستان سیریز پر قابض ہونا چاہے گا جب کہ ویسٹ انڈیز کی کوشش ہوگی کہ وہ آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو۔

29 Oct 2018, 7:57 PM
ویسٹ انڈیز کی فتح کی امیدیں ختم، 30 اوور میں اسکور 133/9

ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ونڈے میں ہندوستان فتح سے محض دو قدم دور ہے۔ 378 رن کا پیچھا کرنے اتری ویسٹ انڈیز ٹیم کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں اور 30 اوور میں بورڈ پر محض 133 رن جمع ہوئے ہیں۔ محمد خلیل کی خطرناک گیندبازی (4 اوور میں 11 رن 3 وکٹ) کے بعد کلدیپ یادو نے اپنے اسپن سے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ انھوں نے 6 اوور میں 29 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔ رویندر جڈیجہ نے بھی اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 اوور میں محض 38 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

29 Oct 2018, 7:18 PM
محمد خلیل نے توڑ دی ویسٹ انڈیز کی کمر، 15 اوور کے بعد اسکور 59/6

محمد خلیل لگاتار تین اوور میں تین وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کی حالت خستہ کر دی ہے۔ انھوں نے اپنے تین اووروں میں محض 8 رن دے کر یہ تین وکٹ لیے۔ انھوں نے سب سے پہلے ہٹمایر کو ایل بی ڈبلیو کیا، پھر پاویل کو بولڈ کیا اور تیسرے اوور میں سیموئلس کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 15 اوور کے بعد ویسٹ انڈیز کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 59 رن ہے۔ مہمان ٹیم ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے پوری طرح گھٹنے ٹیکتے ہوئی نظر آ رہی ہے اور گزشتہ میچوں میں پیش کی گئی کارکردگی کا ذرا بھی عنصر یہاں دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔


29 Oct 2018, 6:59 PM
محمد خلیل کے دو وکٹ نے ویسٹ انڈیز کو بیک فٹ پر ڈالا، آدھی ٹیم پویلین لوٹی

محمد خلیل نے اپنے پہلے اوور میں ہٹمایر کو آؤٹ کرنے کے بعد دوسرے اوور کی تیسری گیند پر پاویل کو بھی بولڈ کر دیا۔ بھونیشور اور بمراہ کی بہترین گیندبازی کے بعد خلیل کے ان دو جھٹکوں کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پوری طرح منہدم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ابھی 12 اوور بھی نہیں ہوئے ہیں اور مہمان ٹیم کے 5 کھلاڑی پویلین واپس جا چکے ہیں۔ 11.3 اوور میں ویسٹ انڈیز کا اسکور 47 رن ہے۔

29 Oct 2018, 6:28 PM
ویسٹ انڈیز کے 3 وکٹ آؤٹ، 6 اوور میں اسکور 23/3

اچھی شروعات ملنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بری طرح لڑکھڑا گئی ہے۔ بھونیشور کے ایک اوور میں دو وکٹ گرنے سے ہندوستانی گیندباز حاوی نظر آ رہے ہیں۔ بھونیشور نے پہلے تو ہیمراج کو رائیڈو کے ہاتھوں کیچ کرایا، اور اس کے بعد اس سیریز میں اچھی بلے بازی کر رہے ہوپ کو کلدیپ یادو نے رن آؤٹ کرا دیا۔ ویسٹ انڈیز کا وکٹ گرنا اتنے پر ہی نہیں رکا، اگلے ہی اوور میں وراٹ کوہلی نے بھی سیموئلس کو رن آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ اس وقت تک 6 اوور ہو چکے ہیں اور ویسٹ انڈیز کا اسکور تین وکٹ کے نقصان پر 23 رن ہے۔


29 Oct 2018, 6:10 PM
378 رن کا پیچھا کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی اچھی شروعات

ہندوستان کے خلاف 378 رن کا پیچھا کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ٹھیک ٹھاک شروعات مل گئی ہے۔ اس کے اوپنر بلے بازوں نے شروع کے تین اووروں مین بغیر کوئی وکٹ گنوائے 20 رن بنا لیے ہیں۔

29 Oct 2018, 5:29 PM
ویسٹ انڈیز کے سامنے جیت کے لیے 378 رن کا نشانہ

روہت شرما اور امباتی رائیڈو کی بہترین سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے سامنے 378 رن کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا ہے۔ حالانکہ روہت شرما کے 162 رن بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد امباتی رائیڈو بھی 100 رن بنا کر چلتے بنے، لیکن ان کے بعد مہندر سنگھ دھونی (15 گیند میں 23 رن)، کیدار جادھو (7 گیند میں 16 رن) اور رویندر جڈیجہ (4 گیند میں 7 رن) نے تیزی کے ساتھ رن بنائے جس کی وجہ سے اسکور 5 وکٹ پر 377 رن تک پہنچ گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ نے 2 اور نرس و پول نے 1-1 وکٹ لیے۔ امباتی رائیڈو رن آؤٹ ہوئے۔


29 Oct 2018, 5:09 PM
رائیڈو کی سنچری مکمل، 47 اوور کے بعد اسکور 344/3

روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد امباتی رائیڈو نے بھی اپنی سنچری مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے 80 گیندوں میں 4 چھکے اور 8 چوکے کی مدد سے یہ سنچری بنائی۔ دوسری طرف مہندر سنگھ دھونی بھی تیز کھیل رہے ہیں اور انھوں نے 9 گیندوں پر 15 رن بنا لیے ہیں۔ 47 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 344 رن ہے۔

29 Oct 2018, 4:58 PM
روہت شرما کی طوفانی اننگ کا خاتمہ، 162 رن پر ہوئے آؤٹ

روہت شرما کی طوفانی اننگ کا خاتمہ ہو گیا اور وہ 137 گیندوں پر 162 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انھیں ایشلے نرس نے ہیمراج کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جس انداز سے روہت شرما کھیل رہے تھے، ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ ایک بار پھر ڈبل سنچری بنا لیں گے لیکن اس بار انھیں کامیابی نہیں ملی۔ دوسری طرف امباتی رائیڈو بھی انتہائی تیزی کے ساتھ رن بٹور رہے ہیں۔ انھوں نے 72 گیندوں میں 92 رن بنا لیے ہیں۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 45 اوور کے بعد 3 وکٹ کے نقصان پر 324 رن ہے۔


29 Oct 2018, 4:30 PM
40 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 261/2

سنچری بنانے کے بعد روہت شرما نے مزید جارحانہ رخ اختیار کر لیا ہے اور دوسری طرف امباتی رائیڈو نے بھی طوفانی بلے بازی کر رہے ہیں۔ 40 اوور کے خاتمہ کے بعد ہندوستان کا اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 261 رن ہے۔ اس وقت روہت شرما 121 گیندوں پر 128 رن بنا کر کھیل رہے ہیں جب کہ امباتی رائیڈو نے 62 گیندوں پر 70 رن بنائے ہیں۔

29 Oct 2018, 4:04 PM
روہت شرما کی سنچری مکمل، ہندوستان کا اسکور 200 کے پار

ہندوستانی سلامی بلے باز روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کی زبردست دھنائی کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کر لی۔ انھوں نے اپنی سنچری چوکا لگا کر مکمل کی اور اس کے لیے انھوں نے 98 گیند لگائے۔ اس درمیان انھوں نے 13 چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ اب تک 35 اوور کا کھیل ہو چکا ہے اور ہندوستان کا اسکور 214 رن پہنچ چکا ہے۔ اچھی بات یہ بھی ہے کہ ہندوستان کے دو ہی وکٹ آؤٹ ہوئے ہیں، گویا کہ یہاں سے ہندوستانی بلے بازی تیزی کے ساتھ رن بنا سکتے ہیں۔


29 Oct 2018, 3:51 PM
30 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 175/2

شکھر دھون اور وراٹ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد روہت شرما اور امباتی رائیڈو نے ہندوستانی پاری کو مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے۔ 30 اوور کے خاتمہ پر ٹیم کا اسکور 175 پہنچ چکا ہے اور روہت شرما سنچری بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے 89 گیندوں پر 89 رن بنائے ہیں اور اس درمیان انھوں نے 1 چھکا اور 11 چوکے لگائے۔ دوسری طرف امباتی رائیڈو نے 34 گیند میں 23 رن بنائے ہیں۔

29 Oct 2018, 3:09 PM

کوہلی 16 رن بنا کر آؤٹ، 20 اوور کے بعد ہندوستان 2 وکٹ پر 110 رن

پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آج زیادہ دیر تک میدان پر نہیں ٹِک سکے اور محض 16 رن بنا کر کیمر روچ کا شکار بن گئے۔ انھوں نے یہ رن 17 گیندوں پر 2 چوکے کی مدد سے بنائے۔ دوسری طرف روہت شرما اچھی بلے بازی کر رہے ہیں اور انھوں نے 42 رن بنا لیے ہیں۔ وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد بلے بازی کرنے اترے امباتی رائیڈو اس وقت 6 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ 20 اوور کے خاتمہ کے بعد ہندوستان کا اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 110 رن ہے۔


29 Oct 2018, 2:44 PM

شکھر دھون 38 رن بنا کر آؤٹ

شکھر دھون کی شکل میں ہندوستان کو پہلا جھٹکا کیمو پال نے دیا ہے۔ شکھر دھون 38 رن بنا کر آؤٹ پاویل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ روہت شرما کا ساتھ دینے اب کپتان وراٹ کوہلی آئے ہیں۔

29 Oct 2018, 2:28 PM
10 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 56 رن

ہندوستان کے سلامی بلے بازی روہت شرما اور شکھر دھون نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوور میں 56 رن بنا لیے ہیں۔ دونوں نے ہی ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں پر کئی اچھے شاٹ لگائے لیکن کسی طرح کی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کو چونکہ ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے اس لیے وہ وکٹ لینے کے لیے پوری طاقت لگا رہے ہیں۔ اس وقت روہت شرما 28 گیندوں پر 21 رن اور شکھر دھون 32 گیندوں پر 33 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


29 Oct 2018, 2:01 PM
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بازی کا فیصلہ کیا، 5 اوور کے بعد اسکور 25/0

ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے یک روزہ مقابلے میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شکھر دھون نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے شروع کے 5 اووروں میں 25 رن بنا لیے ہیں۔ ہندوستان اس میچ کو جیت کر سیریز پر قابض ہونے کی کوشش میں ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی بھی یہی کوشش ہے۔ ابھی تک ہوئے تین مقابلوں میں دونوں ہی ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابر پر ہیں جب کہ ایک مقابلہ ٹائی ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔