سوائن فلو: تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مہلوکین کی تعداد 45 پہنچی

گزشتہ دس دنوں کے دوران سوائن فلو کے مثبت معاملات کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ریاستیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش ان دنوں شدید سردی کی زد میں ہی۔

Getty Image
Getty Image
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: درجہ حرارت میں کمی کے سبب تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایک مرتبہ پھر سوائن فلو کے معاملات تیزی سے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے ضلع کڑپا میں سوائن فلو کے 6 تازہ معاملے منظر عام پر آئے ہیں۔ اس طرح آندھرا پردیش میں اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد 20 پہنچ چکی ہے جب کہ دوسری طرف تلنگانہ میں اب تک سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 25 بتائی جا رہی ہے۔ اس طرح دونوں ریاستوں میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 45تک جاپہنچی ہے۔

گزشتہ دس دنوں کے دوران سوائن فلو کے مثبت معاملات کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ریاستیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش ان دنوں شدید سردی کی زد میں ہیں اور درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی کمی دیکھی جارہی ہے۔ نیشنل سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور انٹی گریٹیڈ ڈیزیزسرویلنس پروگرام کے مطابق سوائن فلو سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ بچوں ، ضعیف افراد،حاملہ خواتین اور ہیلتھ ورکرس میں ہوتا ہے۔

شہر حیدرآباد کے فیور اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ پی شنکر نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ بہر صورت احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ وہ شدید بخار، چھینک، کھانسی اور بدن درد جیسی سوائن فلو کی علامات پر اسپتال سے رجوع کریں۔ شہریوں کو بھیڑ والے مقامات میں جانے سے گریز کرنے اور وقفہ وقفہ سے اپنے ہاتھ دھوتے رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، ساتھ ہی لوگوں کو ہاتھ ملانے سے گریز کرنے اور چھینک یا کھانسی آنے پر اپنے منہ پر ہاتھ رکھنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ پی شنکر نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اسپتالوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سوائن فلو کے مشتبہ مریضوں کو علیحدہ رکھنے کے اقدامات کریں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔