اہم خبر: پاکستان کے 4 ایف-16 طیارے ہندوستانی سرحد پر نظر آئے تو سکھوئی اور میراج نے کھدیڑا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

01 Apr 2019, 8:01 PM

پاکستان کے 4 ایف-16 طیارے ہندوستانی سرحد پر منڈلاتے نظر آئے تو سکھوئی اور میراج نے کھدیڑا

ہندوستانی رڈرار نے آج صبح تین بجے بڑا یو اے وی (غیر انسانی فضائی طیارہ) اور 4 پاکستان ایف-16 طیارے ہندوستانی سرحد کے پاس پنجاب کے کھیمکرن سیکٹر میں اڑتے دیکھے گئے۔ جوابی کارروائی کے مقصد سے ہندوستان نے سکھوئی 30 اور میراج جیٹ طیارے بھیجے جس کے بعد پاکستانی جیٹ واپس اپنی سرحد میں چلے گئے۔

01 Apr 2019, 7:09 PM

رسوئی گیس اور طیارہ ایندھن کی قیمت میں اضافہ

مودی حکومت نے نئے مالی سال کے پہلے ہی دن عام آدمی کو دو بڑے جھٹکے دیے ہیں۔ آج سے رسوئی گیس سلنڈر اور ہوائی ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد آنے والے دنوں میں ہوائی کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 14.2 کلو گرام والے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بغیر سبسیڈی والا رسوئی گیس سلنڈر اب 706.50 روپے فی سلنڈر ہو گیا ہے۔ لگاتار دوسرے مہینے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یکم مارچ کو اس میں 42.5 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ حالانکہ سبسیڈی والے سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

01 Apr 2019, 6:06 PM

مغربی بنگال: 100 سال قدیم اسپورٹس کلب آتشزدگی کے بعد خاکستر

کولکاتا: 100 سال قدیم اسپورٹس کلب کے ٹینٹ میں آگ لگنے کی وجہ سے کلب کا مکمل ڈھانچہ جل کر تباہ ہوگیا ہے۔ کلکتہ پولس نے اس سلسلے میں بتایا کہ میدان علاقے میں واقع واری ایتھلیٹک کلب میں صبح 5.40 بجے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ فائربریگیڈ کی چار گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ صبح 6.15 بجے آگ پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا تھا۔

پولس کا کہنا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے تاہم ابھی جانچ ابتدائی مرحلے میں ہے۔
کلب میں موجود ایک شخص کو معمولی چوٹ پہنچی ہے اور انہیں اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ آتشزدگی کی وجہ سے پورا کلب جل کر خاک ہوگیا ہے۔ واری کلب کے جنرل سکریٹری بربیر چکرورتی نے کہا کہ ٹرافی، کھلاڑیوں کے کٹس، دستاویز، ٹیلی ویژن اور دیگر سامان تباہ ہوگئے ہیں۔


01 Apr 2019, 5:09 PM

انامڈی شعلہ نیشنل پارک میں تین دن پہلے لگی آگ اب بھی بےقابو

مونار(کیرالہ): کیرالہ کے اڈوکی ضلع میں انامڈی شعلہ نیشنل پارک میں تین دن پہلے لگی آگ کو بجھانے کی کوشش جاری ہے۔ نیشنل پارک کو حال ہی میں یونیسکو کے عالمی وراثت پروگرام کے تحت عالمی وراثت مقام کا درجہ دینے کےلئے نامزد کیا گیا تھا۔

ذرائع نے یہاں پیر کو بتایا کہ آگ سے اب تک تقریباً 50ہیکٹیئر جنگلاتی زمین جل گئی ہے۔ علاقے میں سوکھی گھاس ہونے اور تیز ہوا چلنے کی وجہ سے آگ نیشنل پارک کے نزدیک مناون چولا علاقے میں بھی پھیل رہی ہے۔ محکمہ جنگلات اور فائربریگیڈ محکمے کے 50 سےزیادہ ملازمین آگ بجانے کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔ نیشنل پارک، مونار سے 45 کلومیٹر دور واقع ہے اور یہ ایڈوکی ضلع میں مغربی گھاٹ سے بھی متصل ہے۔

01 Apr 2019, 4:09 PM

گجرات کے راجکوٹ میں کسانوں نے کیا حکومت کے خلاف مظاہرہ

وزیر اعظم فصل انشورنس منصوبہ کا فائدہ نہیں ملنے سے ناراض کسانوں نے گجرات کے راجکوٹ میں حکومت کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ہے، بڑی تعداد میں کسان سڑک پر اترے اور حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ کم بارش کی وجہ سے ان کی فصلیں برباد ہو گئیں، ایسے میں انہیں وزیر اعظم فصل انشورنس منصوبہ سے انہیں راحت ملنے کی امید تھی، لیکن انشورنس کمپنی اور حکام کی ملی بھگت کی وجہ سے انہیں اس اسکیم کا فائدہ نہیں ملا۔


01 Apr 2019, 3:09 PM

داؤد ابراہیم کی بہن کا فلیٹ 1.80 کروڑ روپے میں نیلام

مبئی کے ناگپاڈا علاقے میں واقع داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کے فلیٹ کو (اسمگلنگ اور زرمبادلہ ایکٹ) کے تحت 1.80 کروڑ روپے میں نیلام کر دیا گیا ہے۔

01 Apr 2019, 2:09 PM

خطرناک بدمعاش اجے پاسوان ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار

بھاگلپور: بہار میں ضلع بھاگلپور کے بیہ پور تھانہ علاقہ کے ہريو گاؤں کے قریب سے پولس نے گزشتہ شب خطر ناک بدمعاش اجے پاسوان کو ہتھیار کے ساتھ گرفتار کر لیا۔

نوگچھيا کی پولس سپرنٹنڈنٹ ندھی رانی نے آج یہاں بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ خطرناک بدمعاش اجے پاسوان ہريو گاؤں کے قریب ایک ٹھکانے پر چھپا ہوا ہے۔ اسی بنیاد پر پولس نے گزشتہ شب مذکورہ ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اجے پاسوان کو گرفتار کر لیا۔ پولس نے اس کے قبضے سے ایک دیسی رائفل، ایک دیسی کٹا اور کچھ کارتوس برآمد کیے ہیں۔ پولس سرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش کے خلاف ضلع کے بیہ پور اور بھوانی پور تھا نے میں اغوا، ڈکیتی اور تاوان کے چھ معاملے درج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجے پر پانچ ہزار روپے کا انعام تھا۔ پولس اس سے پو چھ گچھ کر رہی ہے۔


01 Apr 2019, 12:13 PM

فوجی سیٹلائٹ ایمی سیٹ کا کامیاب تجربہ، اب سرحد پر نگرانی ممکن

شری ہری كوٹا، (آندھرا پردیش) ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے پہلی مرتبہ تین مختلف مداروں میں سیٹلائٹ کو انسٹال کرنے والے پی ایس ایل وی - سی 45 کا پیر کی صبح نو بج کر 27 منٹ پر ستیش دھون خلائی مرکز سے کامیاب تجربہ کیا، جس کے ساتھ اہم سیٹلائٹ ایمی سیٹ اور دیگر غیر ملکی نینو سیٹلائٹ کو خلا میں چھوڑا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھورئی سیٹلائٹ لانچ ویکل پی ایس ایل وی -45 اپنی 47 ویں مہم میں دوسرے لانچ پیڈ سے اڑان بھری۔

01 Apr 2019, 11:09 AM

پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

اسلام آباد: پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پیر سے نو ماہ میں اعلی پیمانہ پر چھ روپے فی لیٹر کا بھاری بھرکم اضافہ کیا گیاہے۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اچھال اور ملکی کرنسی میں کمی کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے پڑے ہیں، تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے جو سفارش کی تھی اس کے مقابلے میں دام تقریباً نصف بڑھائے گئے ہیں، وزارت کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کے دام چھ روپے فی لیٹر بڑھ کر بالترتیب 98.89 اور 117.43 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئے۔ مٹی کا تیل اور ہلکا ڈیزل تین تین روپے بڑھ کر بالترتیب 89.31 روپے اور 80.54 روپے فی لیٹر ہو گیا. پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کے یہ دام جولائی 2018 کے بعد سب سے زیادہ بڑھے ہیں۔


01 Apr 2019, 10:09 AM

یمن میں فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپ، درجنوں افراد ہلاک

صنعا: یمن کے جنوبی صوبے کے الضالع میں اتوار کو فوجیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان ہو نے والی جھڑپ میں 13 فوجی سمیت درجنوں حوثی باغیوں کی موت ہو گئی۔ سرکاری ذرائع نے اس جھڑپ کی اطلاع دی۔

باغیوں نے شمالی الضالع میں تین دن پہلے کئی مقامات پر قبضہ کر لیا تھا۔ اتوار کو فوجیوں نے باغیوں کے قبضہ سے کنٹرول کو واپس لینے کی کوشش کی جس کی وجہ سے یہ جھڑپ ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ یمن 2014 سے خانہ جنگی سے نپٹ رہا ہے۔ حوثی باغی سعودی نواز صدر عبد ربہ منصور ہادی کی مخالفت کر رہے ہیں۔

باغیوں نے ملک کے شمالی حصے، جس میں دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے اس پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

01 Apr 2019, 9:07 AM

اہم خبر: نیپال میں طوفان، 25 جاں بحق, 400 زخمی

تازہ خبروں کے مطابق نیپال کے کئی علاقوں سے زبردست طوفان آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں جس میں کم از کم 25 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں ۔

خبروں کے مطابق یہ طوفان نیپال کے بارا ضلع میں اتوار کی شام کو آیا تھا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے مختلف اسپتالوں میں پھیج دیا گیاہے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔