گجرات کے 144 ماہی گیر پاکستان کی جیلوں میں قید، بی جے پی حکومت نے اسمبلی میں دی جانکاری
کانگریس رکن اسمبلی امت چاؤڑا کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کے جواب میں ریاست کے وزیر برائے ماہی پروری راگھوجی پٹیل نے اسمبلی میں بتایا کہ 144 ماہی گیروں میں سے 22 کو پاکستان نے گزشتہ 2 سالوں میں پکڑا ہے۔

پاکستان کی مختلف جیلوں میں اس وقت 144 گجراتی ماہی گیر قید و بند کی صعوبت برداشت کر رہے ہیں۔ یہ جانکاری گجرات کی بی جے پی حکومت نے آج اسمبلی میں دی۔ کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر امت چاؤڑا کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یہ اہم جانکاری نکل کر سامنے آئی ہے۔ ریاست کے وزیر برائے ماہی پروری راگھوجی پٹیل نے اسمبلی میں بتایا کہ مجموعی طور پر 144 ماہی گیروں میں سے 22 کو گزشتہ 2 سالوں میں پاکستان نے پکڑا ہے۔ ان میں 2023 میں 9 اور 2024 میں 13 ماہی گیر پکڑے گئے ہیں۔
راگھوجی پٹیل نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 سالوں میں 432 ہندوستانی ماہی گیروں کو آزاد بھی کیا ہے۔ ظاہر ہے ان 432 ہندوستانی ماہی گیروں میں کئی کا تعلق گجرات سے بھی ہے۔ کانگریس رکن اسمبلی شیلیش پرمار کے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ دسمبر 2024 تک ہندوستان کی 1173 مچھلی پکڑنے والی کشتیاں پاکستان کے قبضے میں ہیں۔ گزشتہ 2 سالوں میں ایک بھی کشتی پاکستان کی طرف سے واپس نہیں لوٹائی گئی ہے۔
راگھوجی پٹیل کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت ماہی گیروں کی رہائی کو لے کر گزشتہ 2 سالوں سے لگاتار وزارت داخلہ کو ان کی قومیت سے جڑے دستاویز مہیا کرا رہی ہے۔ پاکستان سمندری سیکورٹی ایجنسی لگاتار گجرات کے ماہی گیروں کو حراست میں لیتی ہے۔ ساتھ ہی ماہی گیروں پر بحر عرب کی بین الاقوامی سمندری سرحدی لائن پار کر کے پاکستان کے آبی علاقہ میں داخل کرنے کا الزام لگاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔