وزیر اعظم مودی کی اپیل پر شرد پوار کا اظہارِ تشویش، کل جماعتی اجلاس بلانے کا مطالبہ
شرد پوار نے وزیر اعظم مودی کی سونا نہیں خریدنے اور ایندھن کی بچت کرنے کی اپیلوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اچانک اعلانات سے عوام اور سرمایہ کار بے چین ہیں، اس لیے کل جماعتی اجلاس بلایا جائے

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی - شرد چند پوار (این سی پی - ایس پی) کے صدر شرد پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ اپیلوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کل جماعتی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اچانک کیے گئے اعلانات سے عوام، تجارتی حلقوں اور سرمایہ کاروں کے درمیان بے چینی کا ماحول پیدا ہوا ہے، جس پر سنجیدہ غور و خوض کی ضرورت ہے۔
شرد پوار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری غیر مستحکم اور جنگی حالات کے پیش نظر وزیر اعظم مودی نے اپیل کی ہے۔ ان کے مطابق ان اعلانات کے ہندوستان کی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے حکومت کو تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اعلانات اچانک سامنے آئے، اس لیے عام لوگوں، کاروباری طبقے اور صنعتی شعبوں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں میں بھی تشویش دیکھی جا رہی ہے۔ شرد پوار کے مطابق موجودہ عالمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکز کو زیادہ حساس انداز اپنانے اور وسیع مشاورت کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
سابق مرکزی وزیر نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کو اپنی صدارت میں کل جماعتی اجلاس طلب کرنا چاہیے تاکہ قومی مفاد سے جڑے اہم معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشورہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں میں سبھی فریقوں کو اعتماد میں لینا ملک کے مفاد میں ضروری ہے۔
شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو ملک کے معروف ماہرین معاشیات، صنعت کاروں اور متعلقہ ماہرین کی فوری میٹنگ بلانی چاہیے تاکہ موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ کی پالیسیوں پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت حکومت کی سب سے بڑی ترجیح عوام کے درمیان اعتماد اور استحکام کا ماحول قائم کرنا ہونا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے حیدرآباد کے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اگلے ایک سال تک سونا کم خریدیں تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ کی بچت کی جا سکے۔ انہوں نے ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لیے عوامی ٹرانسپورٹ اور میٹرو کے زیادہ استعمال پر بھی زور دیا تھا۔ بعد ازاں گجرات کے وڈودرا میں بھی وزیر اعظم مودی نے ایس طرح کی اپیل
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
