وزیر اعظم مودی کے ’سونا مت خریدو‘ والے بیان کے بعد شیئر بازار میں زلزلہ، زمین پر آ گئے کئی کمپنیوں کے حصص

اسٹاک مارکیٹ اور خاص طور پر زیورات کے اسٹاک میں نمایاں گراوٹ کی ایک بڑی وجہ وزیر اعظم مودی کے ذریعہ ہم وطنوں سے کی گئی ایک اپیل ہے، جس میں انہوں نے لوگوں سے سونے کی خریداری کو ملتوی کرنے کو کہا ہے۔

شیئر بازار
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

وزیر اعظم نریندر مودی کے سونے سے متعلق تازہ بیان کے بعد ہفتہ کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں زلزلہ آ گیا۔ سینسیکس اور نفٹی کھلنے کے ساتھ ہی بڑی گراوٹ کے سبب زمین پر آ گئے۔ وہی اس گراوٹ میں سب سے زیادہ نقصان زیورات کی کمپنیوں کے اسٹاک میں پیسہ لگانے والے سرمایہ کاروں کو ہوا ہے۔ ٹائٹن سے لے کر سینکو گولڈ اور کلیان جیولرز تک کے اسٹاک کریش نظر آئے ہیں۔ یہ بڑی گراوٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قوم سے کی گئی اپیل کے بعد دیکھنے کو ملی ہے۔

پیر کے روز ٹائٹن کے حصص کھلنے کے ساتھ ہی اپنی سابقہ کلوزنگ 4517 روپئے سے پھسل کر 4350 روپئے پر کھلا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے 7 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ کے ساتھ 4150 روپئے کی سطح پر آگیا۔ اس بڑی گراوٹ کی وجہ سے ٹاٹا گروپ کی کمپنی کی مارکیٹ ویلیو بھی کم ہو کر 3.75 لاکھ کروڑ پر آگئی۔ ٹائٹن کے علاوہ دیگر جیولری کمپنیوں کے اسٹاک میں بھی ہفتے کے پہلے کاروباری دن نمایاں کمی دیکھی گئی۔ سینکو گولڈ کے حصص ابتدائی طور پر 10 فیصد گر گئے۔ اس کے علاوہ کلیان جیولرز کے حصص میں بھی 8 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ پی سی جیولر کے حصص ٹریڈنگ کے دوران 5 فیصد تک گر گئے۔  تو وہیں گولڈیم کے حصص بھی 5 فیصد سے زیادہ گر کر 408 روپئے کی سطح پر آ گئے۔


ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ بھی پیر کو اُتار چڑھاؤ کا شکار نظر آیا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی نہ ہونے اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکہ اور ایران کے درمیان امن کی تجویز پر معاہدہ نہ ہونے کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمتیں تقریباً 4.50 فیصد بڑھ کر 106 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہیں، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتوں میں بھی 5 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے ایک بار پھر عالمی مہنگائی بڑھنے کے خدشات پیدا کردیئے ہیں اور اس کا اثر دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں پر بھی محسوس کیا گیا۔ جاپان سے لے کر ہانگ کانگ تک ایشیائی مارکیٹیں گر گئیں جب کہ ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کریش کرگیا۔ سینسیکس کھلتے ہی 900 پوائنٹس سے زیادہ گر گیا، جب کہ نفٹی 275 پوائنٹس پھسل گیا۔

غور طلب ہے کہ اسٹاک مارکیٹ اور خاص طور پر زیورات کے اسٹاک کے گرنے کی ایک بڑی وجہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ہم وطنوں سے کی گئی ایک اپیل ہے، جس میں انہوں نے لوگوں سونے کی خریداری کو ملتوی کرنے کو کہا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں جنگ چل رہی ہے جس سے ہندوستان سمیت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایک سال تک سونا نہ خریدیں اور ایندھن کی بچت پر دھیان دیں۔