گجرات: گیا کے نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل، یو پی-بہار کے لوگوں میں دہشت 

گجرات میں جس شخص کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کیا ہے وہ ضلع گیا کے کوڑیا گاؤں کا رہائشی تھا اور 15 سال قبل روزگار کی تلاش میں گجرات گیا تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گجرات میں شمالی ہندوستان کے غریب مزدوروں کے خلاف گجراتیوں کی نفرت لگاتار بڑھ رہی ہے۔ تازہ معاملہ میں بہار کے گیا ضلع کے رہائشی ایک شخص کا جمعہ کی شام لوہے کی راڈ سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ امرجیت نامی یہ شخص سورت میں 15 سالوں سے رہ رہا تھا۔ وہ پنڈیشورا علاقہ میں واقع ایک مل میں کام کرتا تھا اور وہاں کے مزدوروں کے لئے سامان بھی پہنچاتا تھا۔ جمعہ کی شام جب وہ مل سے واپس لوٹ رہا تھا تو مشتعل ہجوم نے اس کا قتل کر دیا۔

نیوز 18 ہندی کے مطابق، ضلع گیا میں کونچ تھانہ کے کوڑیا گاؤں کا رہائشی امرجیت 15 سال قبل روزگار کی تلاش میں گجرات گیا تھا۔ اس نے محنت کے بل پر وہاں اپنا گھر بنا لیا اور شادی بھی کر لی تھی، امرجیت کے دو بچے بھی ہیں، واقعہ کے بعد سے خاندان کے افراد کا رو رو کر برا حال ہے۔

امرجیت کے والد راجدیو سنگھ ریٹائرڈ فوجی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا کافی محنتی تھا، اس کی مدد سے خاندان خوشحالی میں زندگی گزار رہا تھا، قتل کے بعد پورا خاندان صدمہ میں ہے۔

امرجیت کے والد نے حکومت بہار کے ساتھ گجرات اور مرکزی حکومت سے اس تشدد کو روکنے کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی دوسرے خاندان کو اس درد سے نہ گزرنا پڑے۔

سورت کے پولس کمشنر ستیش شرما نے نیوز 18 گجراتی کو بتایا کہ یہ موب لنچنگ (ہجومی تشدد) کا واقعہ نہیں ہے، امرجیت کی موت ایک سڑک حادثہ میں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Oct 2018, 1:09 PM