کورونا: مشتبہ مریض محمد گلزار نے کی خودکشی، کوارنٹائن سنٹر کی چھت سے لگائی چھلانگ

گریٹر نوئیڈا کے کوارنٹائن سنٹر میں رکھے گئے ایک نوجوان نے چھت سے کود کر خودکشی کر لی۔ پولس کے مطابق وہ کئی دن سے اپنی رپورٹ مانگ رہا تھا جو اسے مہیا نہیں کرائی گئی۔ اس کی وجہ سے وہ ذہنی تناؤ میں تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گریٹر نوئیڈا کے نالج پارک واقع گلگوٹیا کالج میں بنے کوارنٹائن ہوم میں رکھے گئے کورونا انفیکشن کے مشتبہ مریض نے اتوار کی شام چھٹی منزل سے کود کر خودکشی کر لی۔ ضلع انتظامیہ نے رات میں بیان جاری کر کہا کہ کوارنٹائن ہوم کی چھت سے چھلانگ لگا کر ایک نوجوان نے خودکشی کر لی ہے۔ ضلع کے ایک افسر نے اس سلسلے میں مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ "نوجوان کا نام محمد گلزار تھا۔ وہ نوئیڈا کے فیز-2 میں رہتا تھا۔ اس نوجوان کو انفیکشن کا مشتبہ مریض مان کر کوارنٹائن سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔ ابھی تک اس کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔"

سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ 32 سالہ محمد گلزار کی موت سے متعلق عدالتی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جانچ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ افسر کریں گے۔ دیر رات واقعہ اور جانچ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ افسر سے کرائے جانے کی تصدیق ضلع مجسٹریٹ سہاس ایل وائی نے بھی کر دی ہے۔


پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا نوجوان سنٹر انچارج سے کئی دنوں سے اپنی جانچ رپورٹ مانگ رہا تھا۔ اسے رپورٹ نہیں دی گئی تھی۔ نوجوان یہاں سے نکل کر اپنے گاؤں جانے کی کوشش بھی کر چکا تھا۔ متاثرہ نوجوان ذہنی تناؤ میں آ گیا۔ لہٰذا اتوار کی شام اس نے چھٹی منزل سے کود کر خودکشی کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگوٹیا کالج میں بنے اس کوارنٹائن سنٹر سے کئی سنگین شکایتیں آ رہی تھیں۔ یہاں موجود اسٹاف کا سلوک بھی مریضوں کے ساتھ غلط تھا۔ لیکن مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ان شکایتوں کو لگاتار نظرانداز کیا جس کا نتیجہ اتوار کی شام اس مذکورہ واقعہ کی شکل میں سامنے آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔