'آپ کا ووٹ آپ کے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے'، ترقی اور ایمانداری کے لیے ووٹ کرنے کی کیجریوال کی اپیل
سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ووٹروں سے گزارش کرتے ہوئے کہا، "خود بھی ووٹ کریں اور اپنے دوستوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں کو بھی راغب کریں، غنڈہ گردی ہارے گی، دلّی جیتے گی۔"

اروند کیجریوال (فائل)/ ویڈیو گریب
دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ کئی ووٹروں نے جوش دکھاتے ہوئے صبح میں ہی اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرلیا ہے۔ اس درمیان عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پوسٹ کرکے دہلی کے عوام سے بڑی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، "پیارے دہلی والوں، آج ووٹ کا دن ہے، آپ کا ووٹ صرف ایک بٹن نہیں، یہ آپ کے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، اچھے اسکول، بہترین اسپتال اور ہر کنبہ کو باعزت زندگی دینے کا موقع ہے۔"
اروند کیجریوال نے آگے لکھا، "آج ہمیں جھوٹ، نفرت اور خوف کی سیاست کو شکست دے کر سچائی، ترقی اور ایمانداری کو فتح دلانا ہے۔ خود بھی ووٹ کریں اور اپنے دوستوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں کو بھی راغب کریں، غنڈہ گردی ہارے گی، دلّی جیتے گی۔"
واضح ہو کہ اروند کیجریوال نئی دہلی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ انہیں دو سابق وزیر اعلیٰ کے بیٹوں سے چیلنج کا سامنا ہے۔ کیجریوال کے سامنے ایک طرف کانگریس کے سندیپ دیکشت ہیں تو وہیں دوسری طرف بی جے پی کے پرویش سنگھ ورما ہیں۔ ادھر عآپ کے سینئر رہنما منیش سسودیا کو اپنی پارٹی کی جیت کا بھروسہ ہے۔ ووٹنگ سے پہلے کالکاجی کے درشن کرتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دہلی کے عوام اروند کیجریوال کو ایک بار پھر سے وزیر اعلیٰ بنائیں گے اور وہ خود جنگ پورہ سیٹ سے انتخاب جیتیں گے۔
بدھ (5 فروری) کو دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پر ایک ساتھ ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس انتخاب میں عام آدمی پارٹی، کانگریس اور بی جے پی سمیت دیگر مقامی پارٹیاں اور آزاد امیدوار ملا کر کُل 699 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کے لیے دہلی میں 13 ہزار سے زیادہ بوتھ بنائے گئے ہیں جہاں تحفظ کے سخت انتظامات میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔