ویڈیو: ’آپ کے ووٹ کی چوری، آپ کے حقوق اور شناخت کی چوری‘، راہل گاندھی کا مرکز اور الیکشن کمیشن پر شدید حملہ
راہل گاندھی نے مرکز اور الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ حقوق اور شناخت کی چوری ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بی جے پی کارکن فرضی ووٹ ڈالتے دکھائے گئے ہیں

کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کو مرکز اور الیکشن کمیشن پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک میں صرف ووٹ ہی نہیں، بلکہ شہریوں کے حقوق اور شناخت بھی چوری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دو افراد کو الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے دوسروں کے نام پر ووٹ ڈالتے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں بظاہر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے دو افراد فرضی ووٹ ڈالنے کے بعد پولنگ بوتھ سے واپس آتے ہیں، جن میں سے ایک یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے کہ ’یہ بہترین انتظام ہے، اب جیت یقینی ہے۔‘ جب اصل ووٹر اپنی شناختی دستاویز کے ساتھ ووٹ ڈالنے آتا ہے تو وہ دونوں کہتے ہیں کہ اس کا ووٹ پہلے ہی ڈالا جا چکا ہے۔
اسی موقع پر خاتون ووٹر جب اپنے ووٹ کے بارے میں استفسار کرتی ہیں تو ان سے کہا جاتا ہے کہ ان کا ووٹ بھی ڈال دیا گیا ہے۔ نتیجتاً، کئی شہری اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے بغیر ہی واپس چلے جاتے ہیں۔ ویڈیو میں یہ دونوں افراد ایک انتخابی افسر کو اشارہ کرتے ہیں اور وہ مسکراہٹ کے ساتھ اشارہ کرتا ہے کہ وہ سب کچھ سنبھال لے گا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی انتخابی عملہ کے ساتھ بھی ملی بھگت ہے۔ ویڈیو میں الیکشن کمیشن کو طنزیہ انداز میں ’الیکشن چوری کمیشن‘ کہا گیا ہے۔
اس معاملے پر کانگریس نے پہلے ہی ایک ملک گیر مہم شروع کر رکھی ہے۔ 12 اگست کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹریز، ریاستی انچارجز اور بڑے تنظیمی رہنماؤں کی ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری اور انتخابی دھوکہ دہی پر بحث کی گئی۔ اس میٹنگ میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا، سچن پائلٹ، کے سی وینوگوپال، کماری شیلجا اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔
اس سے قبل 11 اگست کو انڈین نیشنل اسٹوڈنٹس یونین (این ایس یو آئی) کے کارکنوں نے دہلی میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔ یہ مارچ پارٹی ہیڈکوارٹر سے جنتا منتر تک نکالا گیا، جس میں راہل گاندھی کے ووٹ چوری کے الزامات کی تائید کی گئی۔ اسی دن یوتھ کانگریس نے بھی ’ہلّہ بول مارچ‘ کا اہتمام کیا، جس دوران کئی کارکنان کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن پر اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ "ایک شخص، ایک ووٹ" کا اصول آئین کی بنیاد ہے، لیکن کمیشن اس کو نافذ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آئین کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور اس مشن کو جاری رکھے گی۔
دو دن قبل، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور انڈیا بلاک کے دیگر ارکان پارلیمنٹ کو بھی دہلی پولیس نے اس وقت حراست میں لیا تھا، جب وہ بہار میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کر رہے تھے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ جدوجہد عوام کے جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے جاری رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔