آپ کی دوا میں دم نہیں ’ڈاکٹر جیٹلی‘۔ راہل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

معیشت کی حالت زار کے تعلق سے راہل گاندھی ،حکومت پر ایک کے بعد ایک حملے کر رہے ہیں ۔ راہل گاندھی کے حملے سے بچنے کے لئے وزیر خزانہ ارون جیٹلی اگر پلٹ وار کی کوشش بھی کرتے ہیں تو راہل گاندھی اپنے نئے ٹوئٹ سے پھر ان کی حالت خراب کر دیتے ہیں۔

راہل گاندھے کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پھر مودی حکومت اور ارون جیٹلی پر نشانہ لگایا گیا ہے۔ صبح کئے گئے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’ڈاکٹرجیٹلی، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے معیشت اس وقت آئی سی یو میں ہے، آپ کہتے ہیں آپ کسی سے کم نہیں مگر آپ کی دوا میں دم نہیں۔‘

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بدھ کو کہا تھا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب ہندوستان کی معیشت مسلسل تین سال تک دنیا کی سب سے تیزی سے آگے بڑھنے والی معیشت بنی۔ انہوں نے منگل کواپنے کئے گئے وعدوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کا انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، ان کے نتائج طویل مدت میں دکھائی دیں گے۔

قبل ازیں راہل گاندھی نے گجرات کی ایک ریلی کے دوران جی ایس ٹی کو ’گبر سنگھ ٹیکس ‘ کہا تھا۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے جی ایس ٹی پر طنز کرتے ہوئے فلم شعلے کے ڈائیلاگ کے پوسٹر جاری کئے تھے۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا ’ مودی جی کے جی ایس ٹی کا مطلب ہے کہ یہ کمائی مجھے دے دے ...‘ ۔ راہل نے جی ایس ٹی لانے کا کریڈٹ بھی کانگریس کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس کے جی ایس ٹی کا مطلب’جینون سمپل ٹیکس‘ تھا۔

اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے راہل گاندھی کے طنز کے جواب میں یو پی اے حکومت کے مبینہ گھوٹالوں کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا’’ جن لوگوں کو ٹو جی اور کول بلاک جیسے گھوٹالوں کی عادت تھی، انہیں قانونی ٹیکس سے پریشانی ہونا لازمی ہے۔ ‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Oct 2017, 12:20 PM