آتش بازی میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا نوجوان... پٹاخے پر رکھا گلاس، دھماکے کے بعد جسم میں گھس گئے ٹکڑے

  دیوالی کے موقع پر دہلی-این سی آر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں کئی واقعات پیش آئے جہاں جشن کی خوشیاں اچانک ماتم میں بدل گئیں۔ آتش بازی سے کئی بچوں کی آنکھ کی روشنی چلی گئی تو کئی لوگ آگ سے جھلس گئے

پٹاخے، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

 نوئیڈا کے سیکٹر 63 میں دیوالی کے موقع پر پٹاخہ پھوڑتے وقت اسٹیل کا گلاس پھٹنے سے 20 سالہ نوجوان شیوا کی موت ہو گئی۔ دھماکے میں گلاس کے ٹکڑے اس کے جسم میں گھس گئے تھے جس سے سنگین زخم آئے اور بہت زیادہ خون بھی بہہ گیا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

یہ واقعہ نوئیڈا کے سیکٹر 63 کی چھجراسی کالونی میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی 20 سالہ شیوا ولد ونود ساکن بلال مسجد والی گلی، چھجراسی کالونی کا رہائشی تھا۔ رپورٹ کے مطابق، متوفی شیوا نے پٹاخہ پھوڑنے سے پہلے اس کے اوپر ایک اسٹیل کا گلاس رکھ دیا تھا، جو ایک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور اس کے ٹکڑے اس کے جسم میں گھس گئے۔ شدید زخموں کی وجہ سے نوجوان کی حالت بگڑ گئی۔ اس کے اہل خانہ فوری طور پر اسے اسپتال لے گئے لیکن علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔


تھانہ سیکٹر 63 پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ غور طلب ہے کہ دیوالی کے موقع پر دہلی-این سی آرسمیت ملک کے مختلف حصوں میں کئی واقعات پیش آئے جہاں جشن کی خوشیاں اچانک ماتم میں بدل گئیں۔ آتش بازی کی وجہ سے کئی بچوں کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی تو کئی لوگ آگ سے جھلس گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔