آپ نے صبر، حوصلے اور بے پناہ انسانی جذبے کی مثال پیش کی، سنیتا کی واپسی پر وزیر اعظم مودی کے تعریفی کلمات
مودی نے سنیتا ولیمس کوآئیکان قرار دیتے ہوئے کہا،"یہ مشن انسانوں کی صلاحیتوں کی سرحدوں کو آگے بڑھانے، سپنے دیکھنے کی ہمت اور ان سپنوں کو حقیقت میں بدلنے کی ہمت دیتا ہے"

وزیر اعظم نریندر مودی (فائل) / ویڈیو گریب
خلا باز سنیتا ولیمس اور بُچ ولمور دیگر دو خلائی مسافروں کے ساتھ آج زمین پر واپس لوٹ آئے۔ 9 مہینے اور 14 دن گزارنے کے بعد سنیتا اور ولمور زمین پر کامیابی کے ساتھ پہنچے۔ بحفاظت زمین پر واپسی کے بعد دونوں خلا بازوں کو دنیا بھر سے لگاتار مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغامات مل رہے ہیں۔ سنیتا ولیمس کی زمین پر اس کامیاب واپسی سے وزیر اعظم نریندر مودی بھی کافی خوش ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے۔
مودی نے سنیتا ولیمس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 'ایکس' پر لکھا، "آپ کا استقبال ہے کرو9! زمین نے آپ کو یاد کیا۔ یہ ان کے صبر، حوصلے اور بے پناہ انسانی جذبے کا امتحان رہا ہے۔ سنیتا ولیمس اور کرو 9 کے خلائی مسافروں نے ایک بار پھر ہمیں دکھایا ہے کہ استقامت کا سچ میں کیا مطلب ہے۔ وسیع نامعلوم کے سامنے ان کا مضبوط عزم ہمیشہ لاکھوں لوگوں کو تحریک دے گا۔"
نریندر مودی نے آگے لکھا کہ یہ مشن انسانوں کی صلاحیت کی سرحدوں کو آگے بڑھانے، سپنے دیکھنے کی ہمت اور ان سپنوں کو حقیقت میں بدلنے کی ہمت دیتا ہے۔ نریندر مودی نے سنیتا ولیمس کو ایک آئیکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ٹریل بلیزر اور ایک آئیکان سنیتا ولیمس نے اپنے پورے کیریئر میں اس جذبے کی مثال پیش کی ہے۔ ہمیں ان سبھی پر بہت فخر ہے، جنہوں نے ان کی محفوظ واپسی یقینی کرنے کے لیے کوششیں کیں۔ انہوں نے دکھا دیا کہ سیدھا نشانہ، جنون اور تکنیک ملتے ہیں تو کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے پہلے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی سنیتا ولیمس کی زمین پر واپسی کا استقبال کرتے ہوئے 'ایکس' پر لکھا، "سنیتا ولیمس کی بحفاظت واپسی پر دلی مبارکباد اور استقبال۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔