یوگی جانتے ہیں کہ گنگا آلودہ ہے، اس لئے غوطہ نہیں لگایا! اکھلیش یادو کا طنز

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے گنگا کی صاف صفائی پر کروڑوں روپے خرچ کر دیئے ہیں لیکن گنگا پھر بھی صاف نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ماں گنگا کبھی صاف ہوگی؟

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اکھلیش یادو نے دریائے گنگا کے آلودہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گنگا میں غوطہ اس لئے نہیں لگایا کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ گنگا ندی آلودہ ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے گنگا کی صاف صفائی پر کروڑوں روپے خرچ کر دیئے ہیں لیکن گنگا پھر بھی صاف نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’سوال یہ ہے کہ کیا ماں گنگا کبھی صاف ہوگی؟ حاصل ہو رہی رقومات خرچ ہو رہی ہیں لیکن گنگا ندی صاف نہیں ہو رہی۔‘‘


خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز وارانسی کے لالیتا گھاٹ پر گنگا میں غوطہ لگایا تھا۔ وہاں وہ کاشی وشوناتھ کوریڈور کے افتتاح کرنے پہنچے تھے۔ وزیر اعظم کے دورے پر بھی اکھلیش نے کہا تھا ’آخری وقت میں وہیں پر رہا جاتا ہے۔‘ بی جے پی لیڈران نے اکھلیش کے بیان کو شرمناک بتا کر ان کو گھیرا تھا۔ بی جے پی نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کے لئے اس طرح رضاکارانہ موت کی خواہش ظاہر کرنا اکھلیش یادو کی بگڑی ہوئی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔