اتر پردیش میں 180 دنوں کی بہتر حکمرانی کا یوگی کا دعوی کھوکھلا: اکھلیش

اکھلیش نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’بی جے پی حکومت میں وزراء کی طرح افسران بھی فرضی دورے اور جھوٹے وعدوں و نقلی معائنوں کے لئے کافی ’شاطر‘ ہوچکے ہیں۔

اکھلیش یادو اور یوگی آدتیہ ناتھ
اکھلیش یادو اور یوگی آدتیہ ناتھ
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کی مین اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے اتوار کو ریاست کی یوگی حکومت کے دوسرے میعاد کار کے چھ ماہ پورے ہونے پر ریاستی حکومت کی حصولیابیوں کے دعووں کو کھوکھلا قرار دیا ہے۔ ایک طرف وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو حکومت کے دوسرے میعاد کار کے 180 دنوں کی حصولیابیوں کا ’عہد سازی حکمرانی کا بہترین میعار قرار دیا ہے تو دوسری طرف اکھلیش نے اس کے جواب میں یوگی حکومت کے ان کاموں کا ذکر کرتے ہوئے ان دعوؤں کو کھوکلا بتایا جن کے پورا ہونے کا وقت مقررہ گزر گیا ہے اور ان کا ابھی تک آغاز بھی نہیں ہو پایا ہے۔

انہوں نے اس بار یوگی حکومت کے وزراء کو ہی نہں بلکہ افسران کو بھی نشانے پر لیتے ہوئے ان پر غلط بیانی کا الزام لگایا ہے۔ اکھلیش نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’بی جے پی حکومت میں وزراء کی طرح افسران بھی فرضی دورے اور جھوٹے وعدوں و نقلی معائنوں کے لئے کافی ’شاطر‘ ہوچکے ہیں۔ ایس پی صدر نے قنوج میں عطر پارک بنانے کی اسکیم کو لے کر یوگی حکومت کے سینئر افسر نونیت سہگل کو الزامات کے گھیرے میں لیتے ہوئے ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ ’یوگی کے سب سے قریبی افسر نونیت سہگل جی بتائیں کہ آپ کے ذریعہ قنوج میں جو ڈیڈ لائن دی گئی تھی اس کا کام شروع بھی ہوا یا نہیں؟ وی لو ڈروم کا بھی وہی حشر نہ ہو کہیں؟


قابل ذکر ہے کہ چھوٹے، درمیان اور کافی چھوٹے صنعت ڈیپارٹمنٹ (ایس اسی ایم ای) کے اس وقت کے اڈیشنل چیف سکریٹری کے طور پر سہگل نے قنوج کا عطر پارک اس سال اکتوبر تک پورا کرنے کی ہدایت دئیے تھے۔ یوگی حکومت نے آج حکومت کے دوسرے میعاد کے 180دن پورے ہونے پر اس دوران کئے گئے 100 اہم فیصلوں کی فہرست جاری کر کے اسے حکومت کی حصولیابی کا رپورٹ کارڈ بتایا ہے۔ اکھلیش نے حکومت کے اس دعوے کو کھوکھلا بتاتے ہوئے دیگر خبر کی کٹنگ سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں بازاروں میں گھوم رہے لمپی وائرس سے متاثر مویشی کی تصویریں چسپاں کی گئی ہیں۔

اکھلیش نے یوگی حکومت کے وزراء کے دعوؤں کو بھی بڑبولا پن بتاتے ہوئے پریاگ راج میں وزیر صنعت نند گوپال نندی کے پریاگ راج واقع گھر کے باہر گڑھے والی سڑک کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ انہوں نے اس بارے میں ایس پی کے ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے ’بی جے پی حکومت میں وزیر نند گوپال نندی پوری ریاست میں گھوم گھوم کر ترقی کے دعوی کرتے ہیں۔ جبکہ وزیر کے گھر جانے والی سڑک کی حالت آپ کے سامنے ہے۔ کچھ دن پہلے ایک اور وزیر کیشو پرساد موریہ کے گھر کے نزدیک کی بھی حالت دکھائی تھی۔ ان کے بڑے بڑے دعوی کرنے والوں کی ترقی کی اصلیت یہ ہے۔


اکھلیش نے ایک دیگر ٹوئٹ میں ایس پی حکومت کے میعاد کار کے کاموں کو یوگی حکومت کے ذریعہ ٹھنڈے بستے میں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ’ایس پی کے وقت قنوج کے تروا میں بنے جدید سہولیات سے لیس ’کسان بازار‘ کو بی جے پی حکومت نے سیاسی انتقام میں ابھی تک شروع نہیں کیا ہے۔ یہ بی جے پی کی کسان مخالف ہونے کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ قنوج کے بی جے پی کے ایم پی سے کسان پوچھ رہے ہیں ہم سے آپ کی کیا دشمنی ہے؟

یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اکھلیش نے یک بعد دیگر کئی ٹویٹ کر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں پولیس اہلکار سمیت کچھ دیگر لوگ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس میں دھکا لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے یوگی کی ڈبل انجن حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’تو جناب یہ ہے اترپردیش کی ڈبل انجن بس یہاں بی جے پی حکومت ہے مست، عوام ہے بے بس‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔