مغربی یوپی کے مسلم اکثریتی علاقوں میں امکانات تلاش کریں گے یوگی

ضلع مجسٹریٹ سہارنپور اکھلیش سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ 10 نومبر کو سہ پہر 3 سے 4 بجے تک دیوبند میں ہوں گے، جہاں وہ اے ٹی ایس کمانڈو ٹریننگ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سہارنپور: مغربی اتر پردیش کو کافی اہمیت دینے والے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ 8 نومبر سے سہارنپور ضلع کے دو مشہور قصبوں کیرانہ اور دیوبند کا دورہ کریں گے۔ سہارنپور ایک ایسا علاقہ ہے جہاں 39 فیصد مسلم آبادی ہے اور کیرانہ کو 2017 کے انتخابات سے پہلے شرپسندوں کے خوف سے ہندوؤں کے اخراج کے طور پر جانا جاتا ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں امیت شاہ، نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی لیڈروں نے کیرانہ سے ہندوؤں کے اخراج کو بھی انتخابی مسئلہ بنایا تھا۔

کیرانہ کے سابق ایم پی منور حسن کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ وہاں کے موجودہ ایم ایل اے نوید حسن ایس پی سے ایم ایل اے ہیں اور منور حسن کی بیوی تبسم حسن نے آر ایل ڈی-ایس پی اتحاد کے ذریعہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کے رکن اسمبلی بابو حکم سنگھ کی موت سے خالی ہونے والی سیٹ کا ضمنی انتخاب جیتا تھا۔


ڈی آئی جی ڈاکٹر پرتیندر سنگھ نے آج بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ 8 نومبر کو کیرانہ پہنچیں گے جہاں وہ پی اے سی بٹالین کا افتتاح کریں گے۔ اے ڈی جی میرٹھ راجیو سبھروال اور ایس پی سکھرتی مادھو، ضلع مجسٹریٹ جسجیت کور نے کیرانہ کے وجے سنگھ پاٹھک مہاودیالیہ میں ہونے والے وزیر اعلیٰ کے جلسہ گاہ اور پبلک انٹر کالج میں بنائے جانے والے ہیلی پیڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

ضلع مجسٹریٹ سہارنپور اکھلیش سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ 10 نومبر کو سہ پہر 3 سے 4 بجے تک دیوبند میں ہوں گے، جہاں وہ اے ٹی ایس کمانڈو ٹریننگ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد یوگی آٹھ بار سہارنپور آ چکے ہیں۔ ان کی کوششوں سے سہارنپور کے پنوارکا بلاک میں شاکمبری دیوی سرکاری یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ جلد ہی اس کا سنگ بنیاد رکھنے سہارنپور آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔