ایودھیا میں کچھ بھی غلط ہوا تو یوگی ہوں گے ذمہ دار، یو پی کے وزیر کا بیان

یو پی حکومت میں وزیر اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ ایودھیا میں دفعہ 144 نافذ ہے پھر بھی ہجوم جمع ہو رہا ہے، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی دلچسپی چناوی تشہیر میں ہے، وہ ذمہ داریوں سے بچتے نظر آرہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اترپردیش کی یوگی حکومت میں وزیر اوم پرکاش راج بھر نے ایودھیا میں گرماتے ماحول پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اس کے باوجود مقامی انتظامیہ لوگوں کو جمع ہونے سے نہیں روک رہی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے گویا انتظامیہ فیل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں موجودہ ماحول کے پیش نظر فوج کی تعیناتی کی جانی چاہیے۔

راج بھر نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ کی دلچسپی چناوی تشہیر میں ہے۔ ایودھیا میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ ایودھیا میں جس طرح کا ماحول ہے وہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریوں سے بچ رہے ہیں۔‘‘

اوم پرکاش راج بھر نے اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے اس بیان کی حمایت کی جس میں انہوں نے ایودھیا میں فوج تعینات کر کے نظم و نسق کی صورت حال برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعہ کے روز اکھلیش یادو نے ایودھیا میں جان و مال کے ضیاع کا خادشہ ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ فوج لگا کر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے جائیں۔ کیونکہ بی جے پی کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کو لے کر وی ایچ پی کی ہونے والی دھرم سبھا سے قبل آج ’آشیرواد سماروہ‘ کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس تقریب میں ادھو ٹھاکرے اور بڑی تعداد میں شیوسینا کے کارکنان شامل ہونے کے لئے ایودھیا میں موجود ہیں۔

ادھر، اتوار کو وی ایچ پی کی دھرم سبھا ہے جس کی وجہ سے شہر کا ماحول گرم ہے۔ عالم یہ ہے کہ شہر کے ماحول کے پیش نظر اب تک ہزاروں مسلمان اپنے گھروں سے نقل مکانی کر چکے ہیں اور جو موجود ہیں وہ بھی کسی انجانے خوف کے سایہ میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Nov 2018, 4:09 PM