یوگی کے وزیر اپنی ہی حکومت کے خلاف 24 دسمبر سے کریں گے بھوک ہڑتال

اوم پرکاش راجبھر کا کہنا ہے کہ ایس پی اور بی ایس پی کا اتحاد ہوا تو بی جے پی کا ریاست سے صفایا ہو جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایس سی/ایس ٹی کی وجہ سے بی جے پی انتخابات ہاری ہے اور آگے بھی ہارے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی کابینہ میں وزیر اوم پرکاش راجبھر نے بی جے پی کے خلاف زوردار طریقے سے محاذ کھول دیا ہے۔ پیر کے روز وارانسی پہنچے راجبھر نے مرکزی اور اتر پردیش حکومت کے خلاف کھل کر اپنی باتیں رکھیں۔ اس دوران انھوں نے پسماندہ طبقہ کے 27 فیصد ریزرویشن میں کیٹگری کے مطالبہ کو لے کر 24 دسمبر سے ملک گیر سلسلہ وار بھوک ہڑتال پر جانے کا اعلان بھی کر دیا۔

این ڈی اے میں شامل سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راجبھر نے بی جے پی کے خلاف اپنی بات رکھنے کے دوران میڈیا سے یہ بھی کہا کہ میں اپنے مطالبات رکھتا رہوں گا اور بی جے پی کے خلاف بولتا رہوں گا، اگر بی جے پی مجھے این ڈی اے سے باہر کرنا چاہتی ہے تو کر دے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجبھر نے پی ایم نریندر مودی کے 29 دسمبر کو غازی پور دورہ میں شامل نہ ہونے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ وہ 27 فیصد ریزرویشن کو تین حصوں میں بنٹوانے کے لیے بی جے پی کے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں۔ وہ راجبھر طبقہ کو متحد کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

وارانسی واقع سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران یوگی حکومت کے وزیر اوم پرکاش راجبھر نے کئی قومی ایشوز پر بے باک رائے ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد ہوا تو بی جے پی کا ریاست سے صفایا ہو جائے گا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ایس سی/ایس ٹی کی وجہ سے دوسری ریاستوں میں بی جے پی انتخابات ہاری ہے اور آگے بھی ہارے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */