مہنت نریندر گری کی موت کے معاملہ میں سی بی آئی سے جانچ کرانے کی سفارش

مہنت نریندر گری کی موت کا معاملہ مزید پر اسرار ہوتا جا رہا ہے اب اتر پردیش حکومت نے بھی اس پورے معاملہ کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی سفارش کی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے سربراہ مہنت نریندر گری کی موت کے معاملہ میں اتر پر دیش حکومت نے بدھ کے روز سی بی آئی سے جانچ کی سفارش کر دی ہے ۔ نریندر گری کی موت کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے اور لگاتار اس معاملہ کی سی بی آئی سے جانچ کرائے جانے کی سفارش کی جا رہی تھی۔

اتر پردیش کے محکمہ داخلہ نے یہ اطلاع دی کہ نریندر گری کی موت کے تعلق سے تمام پہلوؤں کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کی سفارش کا حکم وزیر اعلی نے دیا ہے ۔ واضح رہے اس تعلق سے ایک عرضی ہائی کورٹ میں بھی داخل کی گئی ہے۔اب اس معاملہ میں مرکزی حکومت کو طے کرنا ہے کہ اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرائی جانی چاہئے یا نہیں۔


واضح رہے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مہنت نریندر گری کی موت کا وقت ۲۰ ستمبر کو دوپہر تین سے چار بجے کے درمیان کا ہے اور جسم پر کسی طرح کی چوٹ کا کوئی نشان نہیں ہے۔ اس سے قبل سادھو سنت سماج کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے بھی یہ بات کہی تھی کہ مہنت نریندر گری خودکشی نہیں کر سکتے اور بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ رام ولاس ویدانتی نے بھی ایسا ہی کہا تھا ۔ حزب اختلاف کی جانب سے کی جانے والے اس مانگ کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے سی بی آئی جانچ کی سفارش کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔