اسٹنگ آپریشن: یوگی حکومت میں وزراء کے ذاتی سکریٹری کر رہے ہیں لین دین کی بات

ایک ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن نے یوگی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، چینل کی طرف سے کیے گئے اسٹنگ آپریشن میں تین وزراء کے پرائیویٹ سکریٹری ٹرانسفر، ٹھیکہ دلانے کے نام پر رشوت مانگتے نظر آرہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بدعنوانی کے معاملے پر مرکز میں مودی اور یوپی میں یوگی کی حکومت اقتدار میں آئی تھی، اب انہی کے وزراء رشوت خوری کے الزام میں پھنس گئے ہیں، دراصل یوگی حکومت کے تین وزراء کے ذاتی سکریٹری کو ایک ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں کام کروانے کے بدلے میں پیسے کا مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان میں کانکنی کے ریاستی وزیر ارچنا پانڈے، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر اور بنیادی تعلیم ریاستی وزیر سندیپ سنگھ کے پرائیویٹ سکریٹری شامل ہیں، یہ اسٹنگ آپریشن اے بی وی پی نیوز چینل نے کیا ہے۔

اسٹنگ آپریشن سامنے آنے کے بعد سیکریٹریٹ انتظامیہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مہیش گپتا نے تینوں پرائیویٹ سکریٹری کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ان معاملوں کی جانچ كروائے گی، جرم ثابت ہونے پر سخت کارروائی ہو گی۔

وہیں اسٹنگ کو لے کر سماج وادی پارٹی نے یوگی حکومت پر حملہ بولا ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹنگ آپریشن میں تین وزراء کے ذاتی سکریٹریوں کی طرف سے رشوت مانگنا، بی جے پی حکومت میں بدعنوانی کا ثبوت ہے۔ الزامات کی تفتیش مکمل ہونے تک وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ملزم وزراء کو اخلاقیات کی بنیاد پر استعفی دے دینا چاہیے۔

بتا دیں کہ گزشتہ روز بدھ کو نشر کئے گئے اسٹنگ میں وزیر اوم پرکاش راج بھر کے ذاتی سکریٹری اوم پرکاش کشیپ، کانکنی کے ریاستی وزیر ارچنا پانڈے کے ذاتی سکریٹری ایس پی ترپاٹھی، بنیادی تعلیم کے ریاستی وزیر سندیپ سنگھ کے ذاتی سکریٹری سنتوش اوستھی کو الگ الگ کام کروانے کے بدلے میں رشوت کا آفر قبول کرتے دکھایا گیا ہے۔

اس اسٹنگ میں ایک ایجوکیشن افسر کا ٹرانسفر کروانے کے لئے اوم پرکاش راج بھر کے پرائیویٹ سکریٹری اوم پرکاش کشیپ ٹرانسفر کا ریٹ بتا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 30 سے 40 لاکھ میں ٹرانسفر ہو جائے گا۔ وہیں کانکنی وزیر ارچنا پانڈے کے پرائیویٹ سکریٹری ایس پی ترپاٹھی بھی کانکنی معاملات میں ڈیلنگ کرتے ہوئے دیکھے کاسکتے ہیں، ایس پی ترپاٹھی نے کہا کہ پیسہ لگانے والی پارٹی بہترین ہونا چاہیے باقی کوئی دقت نہیں۔ ابتدائی تعلیم کے وزیر مملکت سندیپ سنگھ کے پرائیویٹ سکریٹری سنتوش اوستھی بھی لین دین کی بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔