جرم کو ختم کرنے کا دعوی کرنے والے یوگی پر ہی قائم ہیں مقدمے: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا ’’ایٹہ ترقی میں پیچھے رہ گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں ایٹہ آئے تھے تو کہہ گئے تھے کہ جو ملزم ہوگا اسے جیل بھیجیں گے۔ یہاں تو سربراہ ہی پر کئی مقدمے درج ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ایٹہ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کستے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد سے سماج کو صاف شفاف بنانے کا دعوی کرنے والی اترپردیش حکومت کے سربراہ پر ہی کئی مقدمے درج ہیں۔

جی آئی سی میدان میں بدھ کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا ’’ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی‘‘ کا اتحاد اترپردیش میں کسانوں نوجوانوں کا اتحاد ہے۔ ایک بار نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) فاؤنڈر کانشی رام نے اتحاد کیا تھا۔ انہیں کے نقشے قدم پر اب ہم نے اتحاد کیا ہے۔ ہمیں دو قدم پیچھے بھی ہٹنا پڑے تو بھی اتحاد رہے گا۔ ملک کی سب سے بڑی جیت مین پوری سے نیتا جی کی ہوگی، آج اتحاد سے لوگ گھبرائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ’’ایٹہ ترقی میں پیچھے چھوٹ گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں ایٹہ آئے تھے تو کہہ گئے تھے کہ جو ملزم ہوگا اسے جیل بھیجیں گے۔ یہاں تو سربراہ ہی پر کئی مقدمے درج ہیں۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بے روزگاری دور کرنے کا وعدہ کر کے اقتدار میں آئی بی جے پی حکومت کی میعاد کار میں کسی کو بھی نوکری نہیں ملی جبکہ خواتین کو بغیر کسی تفریق کے ملنے والی سماج وادی پنشن چھین لی گئی۔ ایس پی حکومت میں سبھی شکچھا متروں کو مستقل کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد کی جیت سے ہی اترپردیش اور ملک کا مستقبل سنور سکتا ہے۔ اگر اتحاد اقتدار میں آتا ہے تو خالی اسامیوں کو بھرنے کے ساتھ ہی نوکری کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ سماج وادی پارٹی ’عظیم تبدیلی‘ کی خواہاں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔