پتنجلی کی دھمکی سے پریشان یوگی نے رام دیوکو کیا فون، یو پی میں ہی بنے گا فوڈپارک

بال کرشن کے ذریعہ پتنجلی فوڈ پارک کو ریاست سے کہیں دوسری جگہ منتقل کرنے کی دھمکی کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے خود بابا رام دیو سے فون پر بات کی اور جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں مجوزہ پتنجلی فوڈ پارک کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی آچاریہ بال کرشن کی دھمکی کے بعد ریاستی حکومت نے معاملہ کو سلجھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ میڈیا میں میگا فوڈ پارک یو پی سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی خبریں آنے کے بعد خود وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بابا رام دیو سے فون پر بات کی اور معاملہ کا حل جلد نکالنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ خبروں کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے دیر رات بابا رام دیو سے بات کی اور پتنجلی کا فوڈ پارک ریاست سے باہر نہ لے جانے کی اپیل کی۔ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس معاملے کو جلد سلجھا لیا جائے گا۔

اس تعلق سے یو پی حکومت میں وزیر ستیش مہانا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بدھ کے روز کہا کہ ’’کل یوگی آدتیہ ناتھ نے بابا رام دیو سے بات کی۔ زمین پتنجلی آیوروید کے نام سے الاٹ ہے جب کہ بابا رام دیو اسے پتنجلی فوڈ کےتحت کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے کسی دیگر ایم او یو کی ضرورت نہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ میگا فوڈ پارک کو بننے میں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے جلد ہی حل کر لیا جائے گا۔

اس سے پہلے منگل کی شام کو پتنجلی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور بابا رام دیو کے معاون آچاریہ بال کرشن نے ٹوئٹ کر کہا تھا کہ پتنجلی فوڈ اینڈ ہربل پارک کو اتر پردیش سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ بال کرشن نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کا رویہ ٹھیک نہیں رہا ہے۔ لگاتار اس فوڈ پارک سے متعلق تاخیر کی جا رہی ہے اس لیے اس کو یہاں سے منتقل کیا جائے گا۔ بال کرشن نے لکھا کہ ’’آج ہمیں گریٹر نوئیڈا میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ فوڈ پارک پروجیکٹ کو ختم کرنے کی اطلاع ملی ہے۔ ریاستی حکومت کے رویہ کے سبب کسانوں کی زندگی میں خوشحالی لانے کا عزم ادھورا رہ گیا۔‘‘ بال کرشن نے مزید کہا تھا کہ ’’میں نے کئی بار وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ فوڈ پارک سے یہاں کی تصویر بدل جاتی۔ لوگوں کو روزگار ملتا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اس فوڈ پارک کے لیے سماجوادی پارٹی کی حکومت میں پتنجلی کو زمین ملی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے 30 نومبر 2016 کو پتنجلی فوڈ اور ہربل پارک کی سنگ بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت اکھلیش نے کہا تھا کہ ’’سماجوادیوں نے پتنجلی فوڈ اور ہربل پارک کی سنگ بنیاد رکھ کر بڑا کام کیا ہے۔ بابا رام دیو اور آچاریہ بال کرشن نے ایک اچھی پیش قدمی کی ہے جس کا حکومت نے ساتھ دیا۔ فوڈ پارک کا کام بھی کافی تیزی سے ہوگا اور اس سے دیہی معیشت کو کافی مضبوطی ملے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔