دلتوں سے نفرت کرنے والے یوگی دلت کے گھر کھانے کو مجبور

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ریاست میں بی جے پی کی خراب ہوتی حالت اور دلتوں میں موجود ناراضگی کو دور کرنے کے لیے دلت علاقوں کا دورہ کریں گے اور ان کے گھر کھانا بھی کھائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی حکومت کی کارکردگی کا معائنہ کرنے کے لیے آج رات پرتاپ گڑھ کے ایک سرکاری ہائی اسکول میں رکنے والے ہیں جہاں کنگھئی مدھوپور گاؤں میں ان کی چوپال بھی لگے گی۔ یہاں وہ کسانوں اور نوجوانوں سے بات کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ دلت کے گھر کھانا بھی کھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دیارام سروج کے گھر کی خواتین نے ابھی سے کھانا پکانا بھی شروع کر دیا ہے۔ کتنی حیرانی کی بات ہے کہ بہت زیادہ وقت نہیں گزرا ہے جب اتر پردیش کے کشی نگر میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک دلت گاؤں کا دورہ کرنا تھا اور اس سے قبل پورے علاقے میں صابن تقسیم کیےگئے تھے۔ گویا کہ یوگی جی چاہتے تھے کہ دلت ان سے ملاقات سے قبل نہا-دھو لیں۔ دلتوں سے اس قدر دوری رکھنے والے یوگی جی کا دلت کے گھر کھانا کھانے کا فیصلہ لوگوں کو حیران کر رہا ہے۔

خبریں تو یہاں تک ہیں کہ یوگی جی 27 اپریل کو امروہہ کے مہندی پور گاؤں میں بھی چوپال لگائیں گے اور دلت کے گھر کھانا کھائیں گے۔ دلتوں سے ان کی یہ قربت بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرتی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسےبی جے پی کے تئیں دلتوں کے اندر جو غصہ اور ناراضگی پیدا ہو چکی ہے اس کو کم کرنے کے مقصد سے یوگی بریگیڈ نے چوپال لگانے کے بہانے دلتوں کے گھر کھانا کھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یعنی دلتوں کے گھر ’سیاسی دعوت‘ کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ چونکہ لوک سبھا انتخابات بہت نزدیک ہیں اور یو پی میں بی جے پی کی حالت خستہ ہوتی جا رہی ہے، اس لیے وزیر اعلیٰ کا یہ قدم بی جے پی کے لیے مفید ضرور ثابت ہو سکتا ہے لیکن دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ دلت ان کے اس فیصلے کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔

گورکھپور اور پھول پور ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو جس طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اورسابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور مایاوتی نے جس طرح آئندہ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، یوگی آدتیہ ناتھ کی مشکلوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کسی طرح اتر پردیش میں وہ پارٹی کی پکڑ بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی سہولت کے لیے دلتوں کا گھر توڑنے میں ذرا بھی جھجک محسوس نہ کرنے والے اور دلت ممبر پارلیمنٹ تک کو ڈانٹ کر بھگا دینے والے یوگی جی دلت کے گھر کھانا کھانے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔اب دلچسپ تو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ واقعی دلت کے گھر دلت کے ہاتھوں سے بنا ہوا کھانا کھائیں گے یا یہ محض دِکھاوے کا عمل ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔