یوگی کو چاہیے کہ وہ متاثرہ کنبے کے لئے انصاف کی فراہمی پر توجہ دیں : مایاوتی

مایاوتی نے کہا کہ متاثرہ کنبے کے ساتھ جو غلط اور غیر انسانی سلوک کیا گیا اس سے پورے ملک میں کافی غم وغصہ ہے۔ حکومت اب بھی اپنی غلطی ٹھیک کرے اور متاثرہ کنبے کو انصاف دلانے کے لئے سنجیدہ ہو۔

بی ایس پی صدر مایاوتی
بی ایس پی صدر مایاوتی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے اترپردیش کی یوگی حکومت کو اپوزیشن پر فرقہ وارانہ فساد کرانے کی سازش رچنے کے الزام لگانے کے بجائے ہاتھرس متاثرہ کے کنبے کو انصاف دلانے میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مایاوتی نے منگل کو یہاں اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'ہاتھر واقعہ کی آڑ میں یو پی حکومت کی جانب سے اتر پردیش کی ترقی کو متاثر کرنے کے لئے ذات و فرقہ وارانہ فساد کرانے کی سازش کرنے کا اپوزیشن پر لگایا گیا الزام مبنی بر حقیقت ہے یا محض ایک انتخابی سازش ہے یہ وقت بتائے گا۔ مگر عوام کا مطالبہ ہے کہ ہاتھرس واقعہ کے متاثرہ کنبے کو انصاف دلانے پر حکومت توجہ مرکوز کرے تو بہتر ہوگا۔


انہوں نے کہا 'ویسے ہاتھرس واقعہ کے سلسلے میں متاثرہ کنبے کے ساتھ جس قسم کا غلط اور غیر انسانی سلوک کیا گیا اس سے پورے ملک میں کافی غم وغصہ ہے۔ حکومت اب بھی غلطی ٹھیک کرے اور متاثرہ کنبے کو انصاف دلانے کے لئے سنجیدہ ہو، بصورت دیگر سخت جرائم کو روک پانا مشکل ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ پولیس نے ہاتھرس واقعہ کے آڑ میں فرقہ وارانہ فساد کرانے کی کوشش میں 19مقدمے درج کیے ہیں جبکہ اس سلسلے میں پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2020, 4:11 PM
/* */