یوگی آدتیہ ناتھ نے کاغذات نامزدگی  میں مہنت اویدھ ناتھ کو والد لکھا

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لکھنو: یو پی کونسل کی نشست کےلئے کاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے والد کے نام کے خانے میں مہنت اویدھ ناتھ لکھا ہے جبکہ ان کے حقیقی والد کا نام آنند سنگھ بشٹ ہے اور والدہ کا نام ساوتری دیوی ہے ۔ واضح رہے کہ مہنت اویدھ ناتھ گورکھناتھ پیٹھ کے پیٹھادیشور تھے اور انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنا جا نشین بنا دیا تھا۔ 93سال کی عمر میں مہنت اویدھ ناتھ کی وفات ہو گئی تھی ۔

یو گی آدتیہ ناتھ کا حقیقی نام اجئے سنگھ بشٹ ہے اور ان کی پیدائش 5جون 1972 کو اترا کھنڈ میں ہوئی اور مہنت اویدھ ناتھ کی جگہ گدی سنبھالنے کے بعد انہوں نے اپنے خاندان سے تعلقات ختم کر لئے تھے ۔ واضح رہے کہ خاندانی رشتے کے اعتبار سے یوگی آدتیہ ناتھ اور مہنت اویدھ ناتھ چچا -بھتیجا لگتے ہیں۔ مہنت اویدھ ناتھ کا حقیقی نا م کرپال سنگھ بشٹ تھا۔ اویدھ ناتھ بھی اترا کھنڈ میں پیدا ہوئے تھے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قانونی اعتبار سے یوگی آدتیہ ناتھ اپنے کاغذات نامزدگی میں حقیقی والد کے نام کی جگہ مہنت اویدھ ناتھ کا نام لکھ سکتے ہیں یا نہیں۔

اُدھر یوگی سرکار کے وزیر وقف،حج اور اقلیتی امور کے وزیر مملکت محسن رضا نے کل جب یو پی کونسل کی نشست کےلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے تو انہوں نے پیدائشی اور روایتی بھاجپائیوں سے زیادہ جوش کا مظاہرہ کیا اور یہ تاثر دینے کی بھرپور کو شش کی کہ وہ زیادہ زور سے جئے شری رام کا نعرہ بلند کر سکتے ہیں۔محسن رضا نے نامزدگی کے وقت جب جئے شری رام کا نعرہ بلند کیا تو وہاں موجود رہنماؤں کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی ۔محسن رضا نے کاغذات نامزدگی میں فی الحال خود پر قائم دو فوجداری کےمقدمات کو تسلیم کیا جبکہ ان کی تعلیمی استنداد جونیر ہائی اسکول یعنی آٹھویں کلاس ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Sep 2017, 2:41 PM