’اترپردیش کے اسکولوں میں لازمی کیا جائے گا وندے ماترم‘، یوگی آدتیہ ناتھ کا اعلان

یوگی نے کہا ہر اسمبلی حلقے میں ایکتا یاترا کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تاکہ کوئی جناح دوبارہ پیدا نہ ہو سکے۔

یوگی آدتیہ ناتھ / ٹوئٹر
i
user

قومی آواز بیورو

 وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے’وندے ماترم‘ سے متعلق حالیہ بیان پر جاری تنازعہ کے دوران اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر کے اسکولوں میں ’وندے ماترم‘ کو لازمی قرار دیا جائے گا۔ گورکھپور میں ایک پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے ہر اسکول میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ کو لازمی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو مردآہن سردار پٹیل کی جینتی میں شامل نہیں ہوتے لیکن جناح کا احترام کرنے والے پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وندے ماترم کی مخالفت کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ’وندے ماترم‘ کی اس طرح مخالفت ہی تقسیم ہند کا سبب بنی تھی۔

وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ سردار پٹیل کی پیدائش کے 150 سال پورے ہونے کے سلسلے میں آج سے ’ایکتا پروگرام‘ شروع ہو چکے ہیں۔ 31 اکتوبرکو ہر سال قومی سطح پر سردار پٹیل کی جینتی کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ایم مودی آئے تو انہوں نے 31 اکتوبر کو قومی اتحاد کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے 403 اسمبلی حلقوں میں ایکتا یاترا کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سالگرہ منانے کے لیے پروگرام شروع ہو چکے ہیں۔ ہمیں اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تاکہ کوئی جناح دوبارہ پیدا نہ ہو سکے۔


وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ پورا ملک بھارت ماتا کے عظیم فرزند سردار ولبھ بھائی پٹیل کا 15واں یوم پیدائش منا رہا ہے۔ آزادی کے بعد اٹل بہاری واجپئی کے زمانے میں ہمارے مجاہدین آزادی کو عزت دینا ممکن ہوا۔ یہ پروگرام قومی یکجہتی کا عنصر بن گئے۔ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد 31 اکتوبر کو ’یوم قومی اتحاد‘کے طور پر منانے کا آغاز ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔