یاسین ملک کو دو الگ الگ کیسز میں عمر قید کی سزا، 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد

یہ فیصلہ این آئی اے کورٹ نے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان سنایا، میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 معاملوں میں یاسین ملک کو 10-10 سال کی سزا بھی سنائی گئی ہے، یہ سبھی سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک کو دہلی کی خصوصی عدالت نے دو الگ الگ کیسز میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ساتھ ہی یاسین ملک پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ این آئی اے کورٹ نے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان سنایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 معاملوں میں یاسین ملک کو 10-10 سال کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ یہ سبھی سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔

اس سے قبل معاملے کی جانچ کر رہی این آئی اے (قومی تحقیقاتی ایجنسی) نے یاسین ملک کو سزائے موت دیے جانے کی گزارش کی تھی۔ چونکہ یاسین نے غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت لگائے گئے سبھی الزامات کو قبول کر لیا تھا، اس لیے آج دہلی کی خصوصی عدالت میں ان کے لیے سزا کا اعلان کیا گیا۔ این آئی اے کے ذریعہ سزائے موت دیے جانے کی گزارش کو عدالت نے مسترد کر دیا اور عمر قید کی سزا سنائی گئی۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز یاسین ملک نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ خود کے خلاف لگائے گئے الزامات کی مخالفت نہیں کرتا۔ ان الزامات میں یو اے پی اے کی دفعہ 16 (دہشت گردانہ عمل)، 17 (دہشت گردانہ عمل کے لیے فنڈنگ)، 18 (دہشت گردانہ عمل کی سازش)، دفعہ 20 (دہشت گرد گروپ یا تنظیم کا رکن ہونا)، اور تعزیرات ہند کی دفعہ 120-بی (مجرمانہ سازش) اور 124-اے (ملک سے غداری) شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔