مضبوط نہیں مجبور لیڈر ہیں راج ناتھ، لکھنؤ سے جیتنے کے قابل نہیں: یشونت سنہا

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کا کہنا ہے کہ ’’راج ناتھ سنگھ وزیر داخلہ ہو کر بھی حکومت میں ایک مجبور لیڈر ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ لکھنؤ سے جیت کے قابل ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے بدھ کو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر نشانہ سادھا۔ انھوں نے راج ناتھ کو مضبوط نہیں بلکہ مجبور لیڈر قرار دیا۔ یشونت سنہا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ لکھنؤ سے جیت حاصل کرنے کے قابل ہیں۔ انھوں نے اتحاد کی امیدوار پونم سنہا کے لیے لکھنؤ میں انتخابی تشہیر بھی کی اور راج ناتھ کے خلاف کھل کر بیان دیا۔

یشونت سنہا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’انفرادی طور پر میرا راج ناتھ سنگھ سے رشتہ کافی اچھے ہیں۔ وہ دو بار بی جے پی صدر بھی رہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور مرکز میں اٹل حکومت میں بھی وہ وزیر رہے۔ لیکن آج وزیر داخلہ ہو کر بھی وہ حکومت میں مجبور لیڈر ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ لکھنؤ سے جیتنے کے قابل ہیں۔‘‘


یشونت سنہا نے اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’آج مودی کے علاوہ بھی کئی ایشوز ہیں جن کا انتخابات میں تذکرہ نہیں ہو رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج نوٹ بندی کا تذکرہ نہیں ہو رہا۔ تین سال قبل کی گئی نوٹ بندی ملک کا سب سے بڑا گھوٹالہ ہے۔ جی ایس ٹی کی وجہ سے معیشت تباہ ہو گئی۔ آج روزگار نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی کے گھوٹالے میں حکومت اور پارٹی کے لوگ شامل تھے۔ اگر مرکز میں نئی حکومت آتی ہے تو اسے اس گھوٹالے کی جانچ کروانی چاہیے۔

یشونت سنہا نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ حکومت غلط اعداد و شمار پیش کر کے سچائی کو چھپاتی ہے۔ نئی حکومت آنے پر ان سبھی اعداد و شمار کو پھر سے ٹھیک کرنا ہوگا۔ سنہا نے کہا کہ آج چین کا نام کوئی نہیں لے رہا ہے۔ آج کہا جا رہا ہے کہ نیوکلیائی بم دیوالی کے لیے نہیں رکھے ہیں۔ ہمارا موازنہ پاکستان سے ہو رہا ہے جب کہ اٹل حکومت میں ہماری کوشش تھی کہ ہم چین سے مقابلہ کریں۔ لیکن اس حکومت میں پاکستان سے مقابلہ ہو رہا ہے۔


یشونت سنہا نے انتخابی کمیشن کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن کا مطلب الیکشن کمیشن آف انڈیا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف مودی ہو گیا ہے۔ سادھوی پرگیہ کے شہید ہیمنت کرکرے سے متعلق بیان پر بھی یشونت سنہا نے اپنا نظریہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ ملک کی جمہوریت کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ بی جے پی نے ایک ملزم کو ٹکٹ دے کر غلط نظیر پیش کی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔