یشونت سنہا اور جیٹلی میں زبانی جنگ

یشونت سنہا نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کا برا حال ہے تو اس کا ذمہ دار وزیر خزانہ ہی ہوگا نہ کہ وزیر داخلہ۔ یشونت سنہا نے کہا کہ وہ بھی ذاتی الزامات لگا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے ۔

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی۔ سابق وزیر خزانہ اور سینئر بی جے پی رہنما یشونت سنہا کے معیشت کی حالت زار پر تبصرہ کرنے کے بعد بی جے پی کی اندرونی رسہ کشی منظر عام پر آ گئی ہے۔ پہلے تو مودی حکومت نے یشونت سنہا کے مضمون کے جواب میں ان کے بیٹے کو ہی میدان میں اتار دیا اور ایک جوابی مضمون تحریر کروایا اس کے بعد اب وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے یشونت سنہا پر ذاتی الزامات عائد کر دئے ہیں ، جس کے بعد یشونت اور جیٹلی میں زبانی جنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔

ارون جیٹلی نے یشونت سنہاکی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 80 سال کی عمر میں وہ نوکری کی تلاش میں ہیں نیز انہوں نے یشونت سنہا کے دورانیہ کی نا کامیوں کی طرف بھی اشارہ کیا ۔

یشونت سنہا بھی کہاں چپ بیٹھنے والے تھے انہوں نے بھی فوری ارون جیٹلی پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ’’ اگر میں نوکری چاہتا تو ارون جیٹلی وہاں نہ ہوتے ‘‘۔ اپنے ہی بیٹے کی طرف سے تحریر کئے گئے جوابی مضمون کو یشونت سنہا نے مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ۔

ذاتی الزام کے جواب میں یشونت سنہا نے کہا کہ اگر ملک کی معیشت کی حالت خراب ہے تو اس کا ذمہ دار وزیر خزانہ ہوگا نہ کہ وزیر داخلہ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی ذاتی الزام عائد کر سکتے ہیں لیکن وہ اس جال میں نہیں پھنسنے والے ۔ یشونت سنہا نے کہا کہ ملکی مفاد سے بالاتر کوئی مفاد نہیں اور اگر ان کے سوالوں سے بیٹے کا کیریر خراب ہوتا ہے تو ہوتا رہے انہیں پرواہ نہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے گزشتہ روز ایک کتاب کے رسم اجرا کے موقع پر کہا تھا،’’ مجھے لگتا ہے کہ آپ کی کتاب کا درست عنوان یہ ہوتا 70 سال کا بھارت، ساڑھے تین سال کی مودی سرکار اور 80 سال کی عمر میں روزگار کی تلاش۔‘‘

یشونت سنہا کے مندی کے الزامات کے جواب میں جیٹلی نے کہا، ’’ ملک میں مبینہ مندی کی کوئی بنیاد نہیں ۔ جو لوگ نوٹ بندی کی مخالفت کر رہے ہیں وہ کالے دھن کے حامی ہیں۔ ہندوستانی معیشت کی بہتر اصلاح ہو رہی ہے۔ حکومت نے معیشت کے لئے جرأت مندانہ قدم اٹھائے ہیں جن کا مستقبل میں بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔‘‘

قبل ازیں بدھ کے روز ’انڈین اکسپریس ‘ میں یشونت سنہا کا مضمون ’مجھے بولنا ہی بڑے گا‘ عنوان سے شائع ہوا تھا جس میں یشونت سنہا نے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوال کھڑے کئے تھے۔ سنہا نے مضمو ن کے ذریعہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی پر تیکھا طنز کرتے ہوئے کہا کہ ،’’مودی نے تو نزدیک سے غریبی دیکھی ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیٹلی پورے ملک کو بے حد قریب سے غریبی دکھا دیں گے۔‘‘مضمون میں یشونت سنہا نے کہا کہ معیشت کھائی کی طرف جا رہی ہے اور یہ بات بی جی پی کے متعدد رہنما جانتے ہیں لیکن وہ ڈر کی وجہ سے کچھ نہیں بولیں گے۔

یشونت سنہا کے شائع ہوئے مضمون کے جواب میں بی جے پی نے نچلے درجے کی حکمت عملی اپناتے ہوئے انہیں کے بیٹے جینت سنہا کی طرف سے جوابی مضمون ’ٹائمز آف انڈیا‘ میں شائع کرایا۔ جینت سنہا نے اپنے والد کے مضمون کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ملک کی معیشت میں شفافیت اور استحکام لانے کے لئے مودی حکومت نے تمام اقدام اٹھائے ہیں جن کا آنے والے دنوں میں ملک کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔