یمنا ایکسپریس وے بس آتشزدگی: صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس، معاوضہ کا اعلان
وزیر اعظم دفتر نے ایکس پر لکھا کہ ’’ہر متوفی کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔‘‘

اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر بدھ کی رات کو خوفناک حادثہ پیش آیا۔ سیاحوں سے بھری بس میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی بس میں افراتفری مچ گئی۔ اس حادثہ میں 9 لوگ زندہ جل گئے ہیں۔ اس واقعہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اترپردیش میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک بس میں آگ لگنے سے لوگوں کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں غمزدہ خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ اس حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
پی ایم او نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں بس میں آگ لگنے کے واقعہ میں جانی نقصان کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا۔ اپنے عزیزوں کو کھونے والوں سے تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘ ساتھ ہی معاوضہ کا بھی اعلان کیا گیا۔ پی ایم او نے مزید لکھا کہ ’’ہر متوفی کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے: وزیر اعظم نریندر مودی۔‘‘
دوسری جانب ادے پور سے پونے جا رہی ایک پرائیویٹ بس میں شدید آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اے سی میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے بس میں اچانک آگ لگی۔ آگ لگنے کا علم ہوتے ہی تمام مسافروں کو بس سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ واقعہ ممبئی سے پونے جاتے وقت رائے گڑھ میں ہیرانندنی ایسٹیٹ، کھالاپور ٹول ناکے کے پاس آج صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے میں مصروف ہو گئی۔
نوئیڈا اور پونے کے علاوہ جمعرات کی صبح حیدرآباد میں کرمنگھاٹ ہنومان مندر کے پاس شری شیلم جا رہی ایک پرائیویٹ ٹریول بس میں آگ لگ گئی۔ بس میں سوار تقریباً 40 افراد بال بال بچ گئے۔ فائر افسران کے مطابق بس راستے میں اچانک آگ کی زد میں آ گئی۔ راحت کی بات یہ رہی کہ بس میں سوار مسافروں میں سے کسی کو نقصان نہیں پینچا، کیونکہ آگ بجھانے والی گاڑیوں کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی تمام مسافر جلتی ہوئی بس سے باہر نکل گئے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
