یمنا ایکسپریس وے پر چلتی بس میں لگی آگ، جھلس کر 9 مسافروں کی موت
حادثہ میں بال بال بچے ایک مسافر نے واقعہ کا خوفناک منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں سو رہا تھا، تبھی کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ جب آنکھ کھلی تو چاروں طرف دھواں ہی دھواں تھا اور بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔‘‘

دہلی-این سی آر سے متصل گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر گزشتہ شب ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ نوئیڈا سے تقریباً 35 مسافروں کو لے کر آگرہ کی طرف جا رہی ایک پرائیویٹ ڈبل ڈیکر سلیپر اے سی بس میں اچانک خوفناک آگ لگ گئی۔ اس دردناک حادثہ میں 9 مسافروں کی زندہ جلنے اور دم گھٹنے سے موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
حادثہ یمنا ایکسپریس وے پر گریٹر نوئیڈا سے آگرہ کی طرف جاتے وقت دیانت پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پرائیویٹ ڈبل ڈیکر بس جب دیانت پور گاؤں کے قریب پہنچی تو اچانک اس میں سے دھواں اور اونچی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ آگ لگنے کا پتہ چلتے ہی ڈرائیور نے سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو ایکسپریس وے کے کنارے کھڑا کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس آگ کے گولے میں تبدیل ہو گئی۔ جب تک اندر موجود مسافر کچھ سمجھ پاتے، پوری بس میں کالا دھواں بھر گیا اور چیخ و پکار مچ گئی۔
حادثہ میں بال بال بچے ایک مسافر نے واقعہ کے خوفناک منظر کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں سو رہا تھا، تبھی کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ جب آنکھ کھلی تو چاروں طرف دھواں ہی دھواں تھا اور بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔ میں نے اپنا کوئی سامان یا جوتے تک نہیں اٹھائے، بس فون ہاتھ میں لیا اور باہر کی طرف بھاگا۔‘‘ اس کا کہنا ہے کہ ’’بس میں اتنا دھواں تھا کہ کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ لوگ اندر ہی دم گھٹنے سے تڑپ رہے تھے۔ پیچھے کئی لوگ پھنسے رہ گئے جو باہر نہیں نکل سکے۔‘‘
اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی یمنا ایکسپریس وے کے پرائیویٹ حفاظتی اہلکار، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اور بچاؤ دستے نے سخت کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا اور جھلسے ہوئے مسافروں کو فوراً قریبی اسپتال پہنچایا۔ ابتدائی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ پولیس معاملے کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ کا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی نے اس خوفناک حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کی روح کی تسکین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کو فوری طور پر جائے وقوع اور اسپتالوں میں پہنچ کر امدادی کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کو بہترین سے بہترین علاج فراہم کیا جائے اور ان کے علاج میں کسی بھی طرح کی لاپروائی نہ برتی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مرنے والوں کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کر کے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ انتظامی سطح پر متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد پہنچانے اور امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے افسران کی جوابدہی طے کی گئی ہے۔ انہوں نے حادثے میں جھلسنے اور زخمی ہونے والے تمام لوگوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر مسلسل مقامی انتظامیہ اور پولیس سے یمنا ایکسپریس وے حادثہ میں جاری بچاؤ کارروائی اور جانچ کی تازہ معلومات لے رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
