دنیا کی سب سے اونچی بھگوان رام کی مورتی اب گوا میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کی نقاب کشائی
بھگوان رام کی یہ مورتی نوئیڈا کے مشہور مورتی ساز رام سُتار کی رہنمائی میں بنائی گئی ہے۔ انھوں نے گجرات میں موجود اسٹیچو آف یونٹی کو بھی ڈیزائن کیا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 نومبر کو جنوبی گوا میں ’شری سنستھان گوکرن جیووتّم مٹھ‘ میں بھگوان رام کی عالیشان مورتی کی نقاب کشائی کی۔ یہ مورتی 77 فیٹ اونچی ہے اور کانسہ سے تیار کی گئی ہے۔ مورتی گجرات میں ’اسٹیچو آف یونٹی‘ کا ڈیزائن تیار کرنے والے مورتی ساز رام سُتار نے بنائی ہے۔ یہ دنیا میں بھگوان شری رام کی سب سے اونچی مورتی قرار دی جا رہی ہے۔
بھگوان رام کی نقاب کشائی کی اس تقریب میں گوا کے گورنر اشوک گجپتی راجو، وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور مرکزی وزیر شریپد نایک و ریاست کے کابینہ وزیر شامل ہوئے۔ مٹھ روایت کے 550 سال مکمل ہونے کے موقع پر 27 نومبر سے 7 دسمبر تک مختلف تقاریب کا انعقاد ہو رہا ہے، اور آج بھگوان رام کی مورتی کی نقاب کشائی اسی کا حصہ ہے۔ گوا میں مٹھ احاطہ کی تعمیر 370 سال قبل کیناکونا (جنوبی گوا ضلع) کے پارٹاگل گاؤں میں ہوئی تھی۔ ان دنوں میں کئی تقاریب کا انعقاد کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہر دن 7 ہزار سے 10 ہزار لوگوں کے مٹھ احاطہ میں آنے کی امید ہے۔
بھگوان رام کی یہ مورتی نوئیڈا کے مشہور مورتی ساز رام سُتار کی رہنمائی میں تیار کی گئی ہے۔ ہاتھ میں کمان لیے بھگوان رام کی مورتی لوگوں کی نظریں اپنی طرف کھینچتی ہوئی معلوم پڑتی ہے۔ اس مجسمہ میں بھگوان رام کی سادگی اور کشش محسوس کی جا سکتی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مورتی کے ساتھ ساتھ ایک ’رامائن پارک‘ اور ’رام میوزیم‘ کی بھی تعمیر ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔