عالمی کپ 2023: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 15 اکتوبر کو ہوگا ’مہا مقابلہ‘، کرکٹ شیدائی نوٹ کر لیں تاریخ!

کرکٹ عالمی کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا اور ہندوستان میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>ورلڈ کپ، تصویر بشکریہ @cricketworldcup</p></div>

ورلڈ کپ، تصویر بشکریہ @cricketworldcup

user

قومی آوازبیورو

رواں سال کرکٹ عالمی کپ کھیلا جانا ہے اور اس میں اب تقریباً 4 ماہ کا ہی وقت بچ گیا ہے۔ ایسے میں سبھی کو انتظار ہے کہ آئی سی سی عالمی کپ 2023 کا شیڈول جاری کرے۔ جیسے ہی شیڈول جاری ہوگا، کرکٹ شیدائیوں کی آنکھیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کی تاریخ تلاش کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔ لیکن ہندوستان اور پاکستان کے میچ کی تاریخ جاننے کے لیے اب شیڈول کے جاری ہونے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ ’کرک بز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عالمی کپ 2023 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا اور ہندوستان میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ 2019 عالمی کپ کے فائنل میں انہی دونوں ٹیموں کے درمیان خطابی مقابلہ ہوا تھا۔


اگر ہندوستانی ٹیم کے پہلے میچ کی بات کی جائے تو رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کا پہلا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ یعنی ہندوستانی ٹیم ایک سخت ٹیم کے ساتھ میچ سے عالمی کپ کی اپنی مہم شروع کرے گی۔ اس میچ کو جیت کر ہندوستانی ٹیم شروع سے ہی عالمی کپ پر اپنی دعویداری مضبوط کرنا چاہے گی۔ بہرحال، عالمی کپ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی عالمی کپ کا شیڈول جلد ہی جاری ہو سکتا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئی پی ایل فائنل کے بعد ہی عالمی کپ کا شیڈول ریلیز کیا جائے گا۔ عالمی کپ 2023 کے بارے میں یہ بات پہلے ہی سامنے آ چکی ہے کہ میچ 12 اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ چونکہ ہندوستانی ٹیم نے 2011 میں عالمی کپ میزبانی کرتے ہوئے ہی جیتا تھا، اس لیے کرکٹ شیدائی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ ایک بار پھر میزبانی کرتے ہوئے ٹیم ملک کا پرچم بلند کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔