دنیائے کرکٹ نے وراٹ کو کیا برتھ ڈے وِش، بیگم انوشکا نے شیئر کی رومانی تصویر

رَن مشین وراٹ کوہلی اور بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ انوشکا شرما نے 11 دسمبر 2017 کو شادی کی تھی اور اس کے بعد آج وراٹ کا پہلا یومِ پیدائش ہے۔ اس موقع پر چھٹی منانے دونوں اتراکھنڈ پہنچے ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ماسٹر بلے باز وراٹ کوہلی آج اپنا 30واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ اس موقع پر طوفانی بلے بازی کے لیے مشہور سابق ہندوستانی کرکٹر ویریندر سہواگ نے دلچسپ انداز میں انھیں یوم پیدائش کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’اس دھن تیرس پر خواہش ہے کہ آپ کا یہ سال رَن تیرس سے بھرپور رہے۔‘‘ چونکہ پیر کے روز ’دھن تیرس‘ کا تہوار بھی منایا جا رہا ہے اس لیے ویریندر سہواگ کا یہ ٹوئٹ لوگوں کو کافی پسند آ رہا ہے۔ لیکن وراٹ کوہلی کے شیدائیوں کے لیے سب سے بہترین ٹوئٹ انوشکا شرما کی طرف سے آیا جنھوں نے انتہائی رومانی تصویر پوسٹ کیا ہے۔

بالی ووڈ کی مشہور و معروف اور دلکش اداکارہ انوشکا شرما نے وراٹ کوہلی سے 11 دسمبر 2017 کو شادی کی تھی اور اس کے بعد آج وراٹ کا پہلا یومِ پیدائش ہے۔ اس موقع سے لطف اندوز ہونے کے لیے وراٹ اور انوشکا دونوں اتراکھنڈ پہنچے ہوئے ہیں۔ وہیں کی دو تصویریں انوشکا نے شیئر کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے ’’تھینک گاڈ فور ہِز برتھ‘‘ یعنی وراٹ کے پیدائش کے لیے بھگوان کا شکریہ۔ جو تصویریں انوشکا نے ٹوئٹر پر شیئر کی ہیں ان میں سے ایک میں وہ وراٹ کے ساتھ گلے لگی ہوئی ہیں اور دوسری میں اپنے دونوں بازو ان کے گلے میں ڈالے کیمرے کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر مذکورہ دو پوسٹ کے علاوہ بھی وراٹ کوہلی کے یوم پیدائش پر کئی پوسٹ منظر عام پر آئے ہیں۔ آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے بھی اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ بلے باز وراٹ کو مبارکباد پیش کی ہیں۔ بی سی سی آئی نے لکھا ہے کہ ’’میچ جتانے والی اور زیادہ پاریاں، ٹیم انڈیا کے کپتان اور رن مشین وراٹ کوہلی کو یوم پیدائش کی مبارکباد۔‘‘ اسی طرح آئی سی سی نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کا کرشمائی قائد، ونڈے میں سب سے تیز 10 ہزار رن تک پہنچنے والے، ٹی-20 انٹرنیشنل میں سب سے تیزی کے ساتھ دو ہزار رن تک پہنچنے والے وراٹ کوہلی کو 30ویں یوم پیدائش کی ڈھیر ساری مبارکبادیاں۔‘‘

وراٹ کوہلی کے کئی موجودہ اور سابق کرکٹر دوستوں نے بھی اس موقع پر ہندوستانی کپتان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محمد کیف نے ان کے تعلق سے لکھا ہے کہ ’’ہاتھ میں جادو کی چھڑی کے ساتھ اس شخص نے لگاتار اچھی کارکردگی پیش کی اور رنوں کے تئیں بھوک کو نئے سرے سے متعارف کیا ہے۔ آنے والے وقت کے لیے آپ کو بہت بہت مبارکبادیاں۔‘‘ سریش رینا نے وراٹ کو ’کرکٹ سمراٹ‘ کا لقب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کرکٹ سمراٹ، ہیپی برتھ ڈے وراٹ۔‘‘ افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان بھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہے اور انھوں نے بھی اس استاد بلے باز کو مبارکباد پیش کی۔

قابل ذکر ہے کہ وراٹ کوہلی کی پیدائش 5 نومبر 1988 کو نئی دہلی میں ہوئی تھی۔ اس وقت کرکٹ کے سبھی فارمٹ میں بہترین بلے باز تصور کیے جا رہے وراٹ کوہلی کے تعلق سے کرکٹ کی دنیا میں یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں سچن تندولکر کے 100 سنچری کے ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔ دراصل وراٹ نے گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور ونڈے سیریز میں زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے کے 5 میچوں میں 453 رن بنائے اور وہ کسی بھی ونڈے سیریز میں لگاتار 3 سنچری بنانے والے ہندوستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ یہی سبب ہے کہ لوگ ان سے سچن تندولکر کا سنچری کا ریکارڈ توڑنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Nov 2018, 7:09 PM