عالمی برادری مسلمانوں کے خلاف بڑھتی دہشت گردی کو روکے: بدرالدین اجمل

مولانا بد رالدین اجمل نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ شہر کی دو مساجد میں معصوموں پرہوئے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف پنپنے والی نفرت و عداوت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ نامی شہر کی دو مساجد میں معصوموں پرہوئے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف پنپنے والی نفرت و عداوت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ایک پریس بیان میں مولانا نے کہا کہ عین جمعہ کی نماز کے وقت مجرمین نے جس طرح مسجد جیسی مقدس جگہ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی ہے وہ دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے، جس میں کم از کم 49 لوگ شہید کر دیئے گئے اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے۔ خبروں کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک آسٹریلین نژاد برنٹن ٹرنٹ نامی شخص نے ان تمام دردناک اور انسانیت کو شرمندہ کرنے والے واقعات کو باضابطہ سوشل میڈیا پر لائیو جاری کرکے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے اس وحشیانہ عمل کو پوری پلاننگ کے ساتھ انجام دیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے بغیر کسی تاویل کے اس حملہ کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے اور شہید ہونے والوں سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیاہے۔ امید ہے کہ مجرمین کو سخت سزا دیکر نیوزی لینڈ سرکار اپنی ذمہ داری بھی نبھائے گی۔

مگر سوال یہ ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر روک تھام کے لئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں کھل کر بولنے میں کیوں جھجک محسوس کرتی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کسی ایک کی غلطی کی وجہ سے پورے اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے والی میڈیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کو دہشت گردی کہنے سے کیوں کتراتی ہے؟ کیوں وہ اس طرح کی سازش کی جڑ کو بے نقاب کرنے میں اپنا رول ادا نہیں کرتی ہے؟ مولانا نے کہا کہ جب تک تمام مجرمین کو اس کے جرم کی سنگینی کے اعتبار سے سزا نہیں ملے گی اس طرح کے حملہ ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کو بالخصوص اور پوری عالمی برادری کو بالعموم مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گرادنہ حملہ کی روک تھام اور اسلام ومسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلنانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے اپنی ذمہ داری نبھانا ضروری ہے تاکہ اس طرح کا دل دہلا دینے والا واقعہ کو کوئی اور کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔انہوں نے مزیدکہا کہ وہ خط لکھ کر حکومت ہند سے بھی مطالبہ کرنے جارہے ہیں کہ وہ انصاف کا ساتھ دیتے ہوئے مجرمین کی سزا کو یقینی بنانے کے لئے اپنی آواز عالمی سطح پربلند کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔