خواتین عالمی کپ: ہندوستان کی بنگلہ دیش پر 110 رنز سے شاندار جیت

اسنیہ رانا (30 پر 4 وکٹ) کی مدد سے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو یہاں آئی سی سی 2022 خواتین ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلہ میں 110 رنز سے شکست دی۔

ٹوئٹر / @BCCIWomen
ٹوئٹر / @BCCIWomen
user

یو این آئی

ہیملٹن: اسنیہ رانا (30 پر 4 وکٹ) کی مدد سے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو یہاں آئی سی سی 2022 خواتین ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلہ میں 110 رنز سے شکست دی۔ دفاعی رنر اپ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، یستیکا بھاٹیہ، شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی شاندار اننگز کی بدولت ٹیم انڈیا نے 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 229 رنز کا مشکل ہدف بنایا۔ بعد ازاں اسنیہ رانا، جھولن گوسوامی اور پوجا وستراکر کے مہلک حملوں نے بنگلہ دیش کو 40.3 اوورز میں صرف 119 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

یستیکا نے دو چوکوں کی مدد سے 80 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ شیفالی نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 42 اور اسمرتی نے 51 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ یستیکا کو میچ جیتنے والی نصف سنچری کے لیے 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔


اس کے ساتھ ہی اسنیہ نے 10 اوور میں 30 رن دے کر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے۔ ان کے علاوہ جھولن اور پوجا نے دو دو جبکہ راجیشوری گائیکواڑ اور پونم یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سلمیٰ خاتون نے 35 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ ساتھ ہی رتو مونی نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناہیدہ اختر نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی یہ تیسری جیت ہے اور اس جیت کے ساتھ ہی اس کا پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کا دعویٰ مضبوط ہو گیا ہے۔ ہندوستان اب چھ میچوں میں تین جیت اور تین ہار کے ساتھ چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی یہ چوتھی شکست ہے اور وہ ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہو چکا ہے۔ ان کے پانچ میچوں میں ایک جیت کے ساتھ دو پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں ساتویں مقام پر ہے۔


اس سے قبل ہندوستان نے منگل کو یہاں سیڈن پارک میں آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستان کی کپتان متالی راج نے کہا کہ یہ وہی وکٹ ہے جو گزشتہ میچ میں استعمال کی گئی تھی اور یہ سست ہے اور اسپنرز کے لیے کافی ٹرن ہے، اس لیے ہم ایک اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے اور ہم اس کا استعمال کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔