’سوشان بابو‘ کی حکومت میں دبنگوں نے خاتون کو گاؤں میں برہنہ کر کے گھمایا

’سوشان بابو‘ کی حکومت میں ایک عورت کو دبنگوں نے پورے گاؤں میں اس لئے عریاں کرکے گھمایا تاکہ وہ گھر چھوڑ دے، ملزموں نے بے بس عورت کی پیٹائی بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے گوپال گنج ضلع کے بُھورے تھانہ علاقہ میں پرانے تنازعہ کے سبب ایک خاتون کو مبینہ طور پر عریاں کرکے گاؤں میں گھمانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، متاثرہ کی جانب سے بُھورے تھانے میں اس معاملے کو لے کر ایک ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے۔

پولس کے مطابق، كواڑی ڈيه گاؤں کی ایک خاتون کا الزام ہے کہ منگل کے روز جب وہ اپنے گھر میں اکیلی تھی، تبھی گاؤں کے ہی تین لوگ اسے گھر چھوڑ کر بھاگ جانے کی بات کہنے لگے، خاتون نے جب اس کی مخالفت کی تو ان لوگوں نے زبردستی عورت کے کپڑے اتاروا دیئے اور اسے گھر سے نکال کر عریاں گھمانے لگے۔


بُھورے کے تھانہ انچارج کرشنا کمار نے بدھ کو بتایا کہ متاثرہ کے بیان پر ایک ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس میں گاؤں کے ہی تین لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد سے تمام ملزم فرار ہیں۔

تھانہ انچارج کرشنا کمار نے بتایا کہ پولس پورے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ملزم اور متاثرہ کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور دونوں کے درمیان کافی دنوں سے املاک کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔


بتا دیں کہ بہار میں اس سے پہلے بھی خواتین کو عریاں کر کے گاؤں میں گھمانے کا معاملہ سامنے آ چکا ہے، گزشتہ سال بہار کے آرا ضلع میں ایک لڑکے کے قتل میں شامل ہونے کے شک میں مشتعل ہجوم نے ایک خاتون کو برہنہ کر کے گھمایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔