خاتون ایئر انڈیا کے طیارہ میں شوہر کی لاش لیکر وطن پہنچی

اپنے آنسووں کو روکتے اور خود کو سنبھالتے ہوئے کولمل نے کہا کہ میں نے کبھی تنہا سفر نہیں کیا، وہ مجھے تنہا چھوڑ گئے اور یہ میرا پہلا تنہا سفر ہے۔ کسی عورت کو ایسا دن دیکھنا نہ پڑے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دوبئی: متحدہ عرب امارات میں رہنے والے جن ہندوستانیوں کو لیکر ایئر انڈیا کے دو طیارہ چنئی گئے ہیں ان میں سے ایک میں خاتون اپنے شوہر کی لاش لیکر گئی ہے۔ 29 سالہ کولمل اپنے شوہر ایل کمار (35) کی لاش لیکر جب ایئر انڈیا ایکسپریس پرواز آئی ایکس 540 سے دیگر مسافروں کے ساتھ طیارہ میں سوار ہوئی تو اس کے دردناک منظر سے ہوائی اڈہ پر موجود تمام مسافر جذباتی ہوگئی۔ مرنے والے کے جسم کو طیارہ کے کارگو میں رکھ کر لایا گیا۔

راس الخیمہ میں واقع راک سیریمکس میں سینئر کوالٹی کنٹرولر افسر کے طور پر کام کرنے والے کمار کا 13 اپریل کو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑجانے سے انتقال ہوگیا تھا۔


کولمل نے روتے ہوئے گلف نیوز سے کہا کہ ناشتہ کرنے کے بعد وہ اس دن بھی معمول کی طرح ڈیوٹی پر گئے، صبح تقریباً 10 بجے کمپلکس کے سیکورٹی گارڈ نے آکر بتایا کہ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ مجھے انہیں دیکھنے کے لئے اپنے ساتھ لے جانا چاہتے تھے لیکن مجھے اجازت نہیں ملی۔ شام کو مجھے شوہر کے انتقال کی خبر ملی۔

اس خاتون نے بتایا کہ تین برس پہلے اس کی شادی ہوئی تھی اور دو برس پہلے وہ یہاں آئی تھی۔ اس نے کہا کہ وہ میرے سب کچھ تھے، بچے کی طرح وہ میرا خیال رکھتے تھے۔ میں اس لئے زندہ ہوں کہ مجھے ان کا جسد خاکی مجھے واپس گھر لے جانا ہے۔


اپنے آنسووں کو روکتے اور خود کو سنبھالتے ہوئے کولمل نے کہا کہ میں نے کبھی تنہا سفر نہیں کیا۔ وہ مجھے تنہا چھوڑ گئے اور یہ میرا پہلا تنہا سفر ہے۔ کسی عورت کو ایسا دن نہیں دیکھنا پڑے۔ طیارہ میں کولمل کے علاوہ 200 ورکر، 37 حاملہ خواتین، کچھ بچے اور 42 لوگ جنہیں صحت سے متعلق سے دقتیں تھیں۔ دونوں طیارے چنئی گئے ہیں۔ دوبئی میں ہندوستانی قونصل جنرل آف انڈیا نے بتایا کہ دونوں طیاروں میں مجموعی طورپر 360 مسافر تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔