سنبھل میں پتھربازی کے الزام میں قید خاتون کی درخواست ضمانت منظور، دیگر 79 اب بھی سلاخوں کے پیچھے

سنبھل تشدد کے سلسلہ میں گرفتار خاتون کو عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنایا۔ پولیس نے ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں فساد، آتش زنی اور غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات شامل ہیں

<div class="paragraphs"><p>سنبھل میں تشدد / فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

سنبھل میں تشدد / فائل تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے سنبھل میں گزشتہ سال 24 نومبر کو پیش آنے والی تشدد کی واردات کے دوران پتھربازی کے الزام میں گرفتار ایک خاتون کو عدالت نے ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ چاندوسی کی سی جے ایم عدالت نے خاتون کو ایک لاکھ روپے کے مچلکہ پر ضمانت دی، جب کہ اسی معاملے میں گرفتار دیگر 79 ملزمان کی درخواست ضمانت اب تک منظور نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 24 نومبر 2024 کو سنبھل میں ہونے والے تشدد کے بعد پولیس نے 80 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں چار خواتین بھی شامل تھیں۔ ان میں سے ہندوپورا کھیڑا کی رہائشی فرحانہ کو پتھراؤ کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا۔ وکیل غنی انور کے مطابق، فرحانہ کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو درخواست دی گئی تھی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پولیس کو اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، جس کے بعد اسے عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ دیا۔


سنبھل تشدد کیس میں پولیس نے ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں 6 مقدمات کے تحت 79 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان پر فساد، آتش زنی، پتھراؤ اور فائرنگ جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ چارج شیٹ کے مطابق، تشدد میں چار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کی املاک کو نقصان پہنچا، جس کی وصولی ملزمان سے کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

چارج شیٹ میں منظم جرائم اور غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دبئی میں مقیم ایک مفرور شخص شارق ساٹھا اس سازش کا مرکزی کردار تھا۔ اس کیس میں اس کے دو ساتھی، ملّا افروز اور محمد وارث، پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔