یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر خاتون کا آپریشن! غلط رگ کٹنے سے موت، جھولا چھاپ ڈاکٹر فرار

پولیس شکایت میں متوفی کے شوہر نے جو انکشافات کئے ہیں وہ انتہائی چونکا دینے والے ہیں۔ الزامات کے مطابق جب خاتون کو آپریشن ٹیبل پر لے جایا گیا تو جھولا چھاپ ڈاکٹر گیان پرکاش مشرا نشے کی حالت میں تھا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل فوٹو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی سے میڈیاکل دنیا کو شرمساراور رونگٹے کھڑے کردینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں غیر قانونی کلینک چلانے والے چچا بھتیجے کی جوڑی نے ایک خاتون پر جان لیوا تجربہ کیا۔ گردے کی پتھری سے پریشان خاتون کا آپریشن کرنے کے لیے اس جھولا چھاپ ڈاکٹر نے موبائل پر یوٹیوب سے ویڈیو دیکھا اوراسی کے مطابق آپریشن شروع کردیا۔ نتیجے کے طور پرغلط رگ کٹ جانے کی وجہ سے خاتون کی المناک موت ہو گئی۔ اس واردات کے بعد پولیس نے کلینک سیل کرکے ملزمین کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس سے موصول اطلاع کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ بارہ بنکی ضلع کے کوٹھی تھانہ علاقے میں واقع دفرا پور ماجرا سیدن پور گاؤں میں ہوا۔ تہہ بہادر راوت کی اہلیہ منشر راوت کچھ عرصے سے گردے کی پتھری کے درد میں مبتلا تھیں۔ 5 دسمبر کو گھر والے اسے علاج کے لیے مقامی شری دامودر اوشادھالیہ لے گئے۔ وہاں موجود کلینک آپریٹر گیان پرکاش مشرا نے جانچ کے بعد کہا کہ گردے میں پتھری ہے اور فوری آپریشن کرنا ہوگا۔ آپریشن کی لاگت 25,000 بتائی اور متاثرہ کے شوہر نے 20,000 جمع بھی کرادیئے۔


پولیس شکایت میں متوفی کے شوہر نے جو انکشافات کئے ہیں وہ انتہائی چونکا دینے والے ہیں۔ الزامات کے مطابق جب خاتون کو آپریشن ٹیبل پر لے جایا گیا تو ڈاکٹر گیان پرکاش مشرا نشے کی حالت میں تھا۔ اس نے میڈیکل سائنس کا کوئی علم نہ ہونے کے باوجود اس موبائل پریوٹیوب کھولی اور’پتھری کا آپریشن کیسے کریں‘ کا ویڈیو دیکھ کر خاتون کے پیٹ پر چیرا لگانا شروع کردیا۔ معلومات نہ ہونے اور نشے کی حالت میں اس نے خاتون کے پیٹ میں گہرے چیرے لگا دیئے اور جسم کی کئی انتہائی اہم رگیں کاٹ دیں۔ بہت زیادہ خون بہنے اورغلط علاج کی وجہ سے اگلے ہی دن خاتون کی موت ہو گئی۔

تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کلیدی ملزم گیان پرکاش مشرا کا بھتیجا وویک کمار مشرا رائے بریلی کے ایک آیورویدک اسپتال میں سرکاری ملازم ہے۔ اس کی آڑ میں یہ چچا بھتیجے کی جوڑی برسوں سے غیر قانونی کلینک چلا کر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی تھی۔


پولیس اور محکمہ صحت کو جیسے ہی اس واقعہ کا علم ہوا وہ حرکت میں آگئے۔ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ نے فوری طور پر غیر قانونی کلینک کو سیل کر دیا۔ پولیس نے خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ملزم چچا اور بھتیجے کے خلاف ’غیر ارادتاً قتل‘ کا مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ دونوں ملزمین فی الحال فرار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔